پہلا الیمنیٹر: پشاور کا کوئٹہ کو جیت کیلئے 158رنز کا ہدف

March 20, 2018

پہلے الیمنیٹر میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158رنز کا ہدف مقرر کردیا۔ ڈوسن کے شاندار 62رنز اور راحت علی کے 4 شکار اننگز میں نمایاں رہے۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ تھری کے پہلے الیمنیٹر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

زلمی مقررہ 20اوورز میں 157رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر آل آئوٹ ہوگئی جبکہ دونوں ٹیموں کی جانب سے اننگز میں نمایاں کارکردگی لیام ڈوسن62رنز، راحت علی4 وکٹ اور آخر میں تھیسارا پریرا کی 2وکٹوں کے ساتھ رہی۔

لیام ڈوسن نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 4چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 62رنز اسکور کرکے اننگز کے ٹاپ اسکورر رہے۔ وہ راحت علی کے ہاتھوں اسٹمپ آئوٹ ہوئے۔

ادھر عمید آصف 7رنز اور کپتان سیمی 2رنز کے اسکور پر ہی پویلین لوٹ گئے ان دونوں کی وکٹیں بھی راحت علی کے حصے میں آئیں، اس طرح راحت علی نے 4اوورز میں 16رنز کے عوض 4بیٹسمین پویلین بھیجے۔

اس سے قبل میچ پشاور زلمی اپنی اننگز کا اچھا آغاز کرنے میں ناکام رہی اور 12.4 کے کھیل کے دوران صرف 86رنز کے اسکور پر ان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

اوپنر تمیم اقبال27 اور محمد حفیظ 25رنز اسکور کرکے پویلین لوٹ گئے، تمیم اقبال کو محمد نواز نے اپنا شکار بنایا، ان کا کیچ کیڈمور کے حصے میں آیا۔

حفیظ کو محمود اللہ نے بولڈ کیا جبکہ سعد نسیم 9رنز پر حسن خان کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے اور ان کا کیچ تھیسارا پریرا نے تھاما،جبکہ ٹیم کا اسکور اس وقت 86رنز تھا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

زلمی کے آئوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین کامران اکمل اور دوسرے آندرے فلیچر تھے، جو بلاترتیب صفر اور ایک رن بنا کر چلتے بنے، انہیں راحت علی اور میر حمزہ نے شکار بنایا۔

قب ازیں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئیں تھیں، ٹیم میں تھیسارا پریرا، محموداللہ، ٹام کوہلر کیڈمور اور اسد شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

کوئٹہ کی پلیئنگ الیون میں ٹام کوہلر کیڈمور، اسد شفیق، کپتان سرفراز احمد، محمود اللہ، رائلی روسوو، تھیسارا پریرا، انور علی، محمد نواز، حسن خان، راحت علی اور میر حمزہ کھیل رہے ہیں۔

ادھر پشاور زلمی کی جانب سے آج کے اہم میچ کے لیے تمیم اقبال کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے،جبکہ آندرے فلیچر کو رکی ویسلز کی جگہ میدان میں اْتارا گیا ہے۔

زلمی ٹیم کی جانب سے پلیئنگ الیون میں کامران اکمل، تمیم اقبال، آندرے فلیچر، محمد حفیظ، سعد نسیم، لیام ڈوسن، کپتان ڈیرن سیمی، حسن علی، وہاب ریاض، عمید آصف اور سمین گل شامل کیے گئے ہیں۔

قبل ازیں لاہور میں وقفے وقفے سے بارش جاری تھی، جس کے باعث قذافی اسٹیڈیم کی پچ کو ڈھانپ دیا گیا، تاہم بعد میں گرائونڈ کو سپر ساپر سے خشک کرنے کے بعد میچ شروع کیا گیا۔

ادھر یہ بات واضحکردی جائے کہ اگر آج کا میچ تیز بارش کی صورت میں متاثر ہوا تو اس کا فائدہ زلمی کو ہوگا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا اور پشاور زلمی دوسرے الیمنیٹر کے لیے کراچی کنگز کے خلاف کوالیفائی کرلے گی۔

یاد رہے کہ 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سپر لیگ تھری کا فائنل کھیلا ہوگا اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی فائنل میں داخل ہوچکی ہے۔