بھارت نے غیرذمہ دارانہ اقدام کیا تو مناسب جواب دیں گے، پاکستان

March 22, 2018

اسلام آباد(جنگ نیوز) پاکستان نے بھاررت پر زور دیا ہے کہ وہ جارحانہ بیان بازی اور جنگی ماحول پیدا کرنے سے گریز کرے اور اگر نئی دہلی نے کوئی غیر ذمہ دار اقدام کیا تو اسلام آباد اس کا مناسب جواب دے گا۔ پاکستانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند دن قبل ہی بھارت کے وزیرِ داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنے ہمسایہ ملک پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ ان کی فوجیں اپنے ملک کی حدود کے تحفظ کے لیے سرحد پار کارروائی کر سکتی ہیں۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے منگل دیر گئے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن ساتھ ہی یہ تنبیہ بھی کی کہ اگر بھارت نے کوئی بھی غیر ذمہ دارانہ کاروائی کی تو پاکستان کی طرف سے اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ غیر جانب دار حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان انتہائی کشیدہ ماحول کی عکاسی کرتے ہیں اور دونوں ملکوں کے باہمی تناؤ میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تناؤ میں اضافہ کسی طور بھی جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے سود مند نہیں۔