افغانستان نے کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں کھیلنے کا حق حاصل کرلیا

March 24, 2018

ہرارے (جنگ نیوز ) ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے ابتدائی رائونڈ میں مایوس کن کارکردگی کے باوجود افغانستان نے کوالیفائرز کے سپر سکس مرحلے کا آخری میچ جیت کر انگلینڈ میں آئندہ برس ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کا حق حاصل کرلیا۔اسے ورلڈ کپ 2019 تک پہنچنے کیلئے سپر سکس کے فیصلہ کن میچ میں آئرلینڈ کو زیر کرنا تھا ۔ جمعہ کو آئرش ٹیم کو اس نے مقررہ اوورز میں سات وکٹ پر 209 رنز تک محدود کردیا۔ پال اسٹرلنگ 55 ، کیون اوبرائن 41 اور نیل اوبرائن 36رنز کے ساتھ ہی مزاحمت کرپائے۔ راشد خان 40 رنز کے تین وکٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔ فاتح ٹیم ہدف پانچ گیند قبل حاصل کرلیا۔ اوپنرز محمد شہزاد 54 اور گلبدین نائب 45 نے 86 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد اصغر ستانکزئی نے ناقابل شکست 39 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلادی۔