سری لنکا نے سارک کانفرنس کے پاکستان میں انعقاد کی حمایت کردی

March 24, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سری لنکا کے صدر میتھری پا لا سری سینا نے سارک سربراہ کانفرنس کے پاکستان میں انعقاد کی حمایت کا اظہار کیاہے ،سری لنکن صدر نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات کی ، وزیراعظم ہائوس کے ترجمان کے مطابق ملاقات گرمجوشی کے ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی اور اہمیت کے ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے، فریقین نے اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعلقات میں تنوع پیدا کیا جائے گا اور وسعت دی جائے گی، سری لنکا کے صدر نے وزیر اعظم کو دس قرنیہ چشم تحفے میں دیئے جو پاکستان میں بینائی سے محروم افراد کے علاج کیلئے استعمال کئے جائیں گے،قبل ازیں سر ی لنکا کے صدر وزیر اعظم ہائوس پہنچے تووزیر اعظم شاہد خا قان عبا سی نے ان کا استقبال کیا،بعدازاں پا کستان اور سری لنکا کے درمیان نوجوانوں کی ترقی سمیت تین مفاہمت کی یادداشتوں ( معاہدوں )پر دستخط کئے گئے ہیں ، دستخطوں کی تقریب وزیر اعظم ہا ئوس میں ہوئی ، سر ی لنکا کے صدر اور وزیر اعظم شاہد خا قان عبا سی بھی اس موقع پر مو جود تھے، فارن سروس اکیڈمی آف پاکستان اور بندر ا نا ئیکے انٹر نیشنل ڈپلو میٹک ٹر یننگ انسٹی ٹیوٹ آف سر ی لنکا کے در میان تعاون کیلئے ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔