’گناہ کسی اورکا، سزاکسی اورکو، واہ لیڈرشپ واہ‘ ماروی میمن کا ٹوئٹ

March 24, 2018

بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے سوشل میڈیا پر کچھ ایسی باتیں لکھی ہیں جنہیں حکمراں مسلم لیگ ن میں اندرونی اختلافات کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔ ماروی میمن نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’غلطی اور گناہ کسی اورکا اور سزاکسی اور کو، واہ لیڈرشپ واہ‘‘۔

انہوں نے محض اسی بات پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اور ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہمیشہ جرم کے معاونت کرنے والے بھی ہوتے ہیں اور وہ بھی ہوتے ہیں جو جرم کرنے پر اُکساتے ہیں۔ان کا حساب پہلے ہو گا۔انہیں پہلے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔

انہی ٹوئٹس کے تسلسل میں آگے چل کر ماروی میمن لکھتی ہیں۔’’اس دلسوز موضوع پر آخری بات یہ ہے کہ سیاست انسان عزت کے لیے کرتا ہے۔کوئی بھی انسان خود کو بے وقوف بنتا ہوا دیکھ سکتا ہے نہ اپنی بے عزتی برداشت کر سکتا ہے‘‘۔