ملکی ترقی کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی،میئر کراچی

March 25, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی، ہماری ذمے داری ہے کہ نوجوان نسل کو اپنے اسلاف کے کارناموں سے روشناس کرائیں تاکہ نسل نو بھی ان کے کارناموں اور قربانیوں سے آگاہ ہوسکیں، پاکستان کے لئے قربانی دینے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آج یوم پاکستان کے موقع پر اکابرین ملت کے خاندانوں اور ان کی اولاد کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے ان کی خدمات فراموش نہیں کیں۔ وہ ’’یوم پاکستان‘‘ کے سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے سفاری پارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے، جس سے مولانا محمد علی جوہر کی پڑپوتی فیاض بیگم، پاکستان کا پہلا جھنڈا تیار کرنے والے ماسٹر الطاف حسین کے صاحبزادے ظہور الحسن،بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو اپنے خون سے پاکستان کا نقشہ بنا کر پیش کرنے والے وقار احمد زبیری، تحریک پاکستان میں صعوبتیں برادشت کرنے والے سید امجد علی جعفری، عبدالصمد قریشی کے صاحبزادے عبدالواحد قریشی، تاریخ پاکستان کے محققین محفوظ النبی خان اور ڈاکٹر شجاع صغیر خان بھی خطاب کیا۔