شہر قائد میں کرکٹ میلہ

March 25, 2018

شہر قائد میں کئی برس بعد پی ایس ایل کے فائنل کی صورت میں کرکٹ میلہ سجنے کوتیار ہے۔ شہریوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کراچی میں فائنل میچ کےکامیاب انعقاد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروزے بند ہونا پاکستانی قوم پر کسی ظلم سے کم نہ تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ یہی کھیل پسند کیا جاتا ہے۔ اس عمل میں حالات سےزیادہ اس پروپیگنڈے کا ہاتھ تھا جوبھارت اور مغربی میڈیا نے کیا۔ نتیجتاً پاکستان میں طےشدہ سیریز کا انعقاد بھی نہ ہو پایا اور پاکستان کواپنی ہوم سیریز بھی متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں کھیلنا پڑیں۔ 2011میں 12فروری سے 2اپریل تک کھیلے جانے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی بھی پاکستان سے چھین لی گئی۔ حالات کی ناسازی کا بہانہ بنا کر وہ میچز جو پاکستان میں ہونا تھے، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں منعقد کروائے گئے۔ اسی دوران آئی سی سی بگ تھری کےہاتھوں موم کی ناک بن گئی جس میں بھارتی بورڈ کا رسوخ زیادہ تھا چنانچہ اس نے یہاں بھی دشمنی نبھانےمیں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔ اس دوران اگرچہ سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ بھی کیا لیکن دیگر ٹیموں نے اجتناب کیا۔ بہرکیف گزشتہ برس پی ایس ایل کا فائنل لاہور میںکرایاگیا اور آج کراچی میں ہو رہا ہے تو یہ اس امر کا عکاس ہے کہ پاکستان ہرطرح سے ایک پرامن ملک ہے۔ شہر قائد میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد ایک خوش آئند امر ہے جس سے امید کی جاسکتی ہے کہ پاکستان میں کرکٹ ہی نہیں ہر کھیل کے بین الاقوا می مقابلے منعقد ہوںگے۔ اس حوالے سے ایک خوشخبری پاکستان میں متعین آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن کی طرف سے آئی ہے کہ ’’امید ہے آسٹریلوی ٹیم بھی جلد پاکستان کادورہ کرےگی‘‘۔ پاکستان کو اب ایسے مقابلوں کا تسلسل جاری رکھنا ہوگا تاکہ دنیا کو یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان نے ہر طرح کی بدامنی پر قابو پالیا ہے۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998