ہے کسی کاسلمان خان جیسا ’باڈی گارڈ‘ ؟؟

March 27, 2018

ہر وقت آپ کے ساتھ ساتھ، آپ کے ہر لمحےسے باخبراور آپ کا خیال رکھنے والا ضروری نہیں کہ وہ آپ کا کوئی قریبی ہو ، وہ آپ کا باڈی گارڈ بھی ہوسکتا ہے۔ اور ایسا ہی باڈی گارڈ ہے ہمارے دبنگ اداکار سلمان خان کے پاس، جو دھمکیاں ملنے پر بھائی کا ساتھ چھوڑنے کے بجائے یہ کہے کہ ’جب تک زندہ ہوں بھائی کے ساتھ رہوں گا۔‘

سلمان خان کے ’شیرا‘ نامی باڈی گارڈ کی وفاداری قابل ذکر ہے۔ سلمان خان انہیں اپنا دائیاں بازو کہتے ہیں اور وہ تقریباً 20 سال سے ان کے ساتھ ہیں۔

باڈی گارڈ شیرا کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی خطرے کی صورت میں بھائی کے پیچھے یا ساتھ نہیں ہوں بلکہ ہمیشہ بھائی کے سامنے کھڑا ہوں گا۔‘ ان دونوں کے اس تعلق سے کوئی بھی بے خبر نہیں ہے بلکہ سلمان خان نے اپنی 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ’باڈی گارڈ‘ بھی شیرا کے نام کردی تھی۔ جس پروہ سلمان خان کے بے حد شکرگزار رہے۔

’جب تک زندہ ہوں بھائی کے ساتھ رہوں گا۔‘

پچھلے ایک سال میں شیرا کو بہت مقبولیت حاصل ہوئی لیکن ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے ہر چیز دوسرے نمبر پر آتی ہے جبکہ بھائی کی سیفٹی اول ردجے پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سلمان خان کے لیے کسی بھی طرح کےخطرے سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

شوٹنگ کے دوران مداحوں کے ہجوم سے ان کو بچانے کے لیے وہ سلمان خان کی ڈھال بن جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب خواتین فینزکی بڑی تعداد بھائی کو گھیر لیتی ہیں تو وہ ’پیار اور ادب‘ کے ساتھ ان سے نمٹتے ہیں کیونکہ یہی ایک طریقہ ہے خواتین کو ہینڈل کرنے کا۔

شیرا ایک ’ٹائیگر سیکورٹی سروس‘ نامی ایجنسی بھی چلا رہے ہیں جس میں ’ہائی پروفائل‘ لوگوں کو سیکورٹی فراہم کی جاتی ہے۔ اس ایجنسی کو ملائشیا میں’بہترین سیکورٹی ایجنسی‘ کے ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

شیرا سلمان خان کا بے حد شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ ایک فیملی کی طرح ان کا خیال رکھا اور سیکورٹی ایجنسی چلانے میں ا ن کا بھرپور ساتھ دیا۔