انتہا پسند گروہوں کا ہدف نوجوان ہیں : سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

April 13, 2018

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوئیٹریس نے کہا ہے کہ انتہا پسند گروہوں کا ہدف نوجوان ہوتےہیں کیونکہ وہ تبدیلی کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈائیلاگ، ہم آہنگی، سیاسی عمل میں شمولیت، گڈ گورننس اور انسانی حقوق کا احترام کر کے نوجوانوں کو آگے بڑھایا جائے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ غیرملکی مداخلت، قبضہ، سیاسی و اقتصادی نا انصافی، امتیازی سلوک بھی انتہاپسندی پروان چڑھاتی ہیں، انہیں بھی ختم کیا جانا چاہیے۔

اقوام متحدہ میں انسداد دہشت گردی سے متعلق ایونٹ کا انعقاد پاکستان اور ناروے کی جانب سے کیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگوئیٹریس نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو ذمہ دار شہری بنانے کے لیےاقدامات کیے جانے چاہئیں اور خاص طور پر ڈائیلاگ، ہم آہنگی، سیاسی عمل میں شمولیت، گڈ گورننس اور انسانی حقوق کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے جرأت سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نفرت کا پرچار کر کے نوجوانوں کو عدم برداشت اور تشدد کی جانب مائل کیا جاتا ہے اور غیرملکی مداخلت، قبضہ، سیاسی و اقتصادی ناانصافی، امتیازی سلوک جیسے عمل بھی انتہاپسندی پروان چڑھاتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں ناروے کے سفیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف سب سے اہم سرمایہ نوجوان ہیں۔

تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، سفارتکاروں اور پاکستان کی اہم سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔