یورپی ممالک کا لاپتہ تارکین وطن کی تلاش شروع کرنے پر اتفاق

April 21, 2018

دی ہیگ (نیوز ڈیسک) 4یورپی ممالک یونان، اٹلی، مالٹا اور قبرص نے رواں برس جون سے ان تارکین وطن کو تلاش کرنے کا کام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے جو یورپی یونین پہنچنے کی کوششوں میں بحیرہ روم کی نذر ہوگئے۔ اس منصوبے کے تحت شمالی شام یا لیبیا سے بحیرہ روم عبور کرکے یورپی یونین کی رکن ریاستوں تک پہنچنے کی کوششوں میں مر جانے والے یا لاپتا ہو جانے والے تارکین وطن کو تلاش کیا جائے گا۔ اٹلی، یونان، مالٹا اور قبرص شام، لیبیا اور دیگر ممالک سے آنے والے تارکین وطن کی سب سے بڑی تعداد کا سامنا کرتے رہے ہیں۔ بین الاقوامی کمیشن برائے لاپتا افراد کی جانب سے بتایا گیا کہ ان چاروں ممالک کے وفود11جون کو روم میں ملاقات کر رہے ہیں۔ آئی سی ایم پی کی ڈائریکٹر جنرل کیتھرین بومبرگر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر ہم مل کر اس منصوبے پر عمل شروع کر دیتے ہیں جو ہمیں لگ رہا ہے کہ شروع ہو جائے گا تو یہ ایک تاریخی اقدام ہوگا۔