غیر قانونی سافٹ ویئرز: چین سرفہرست، بھارت کا پانچواں نمبر

April 24, 2018

لاہور (رپورٹ :ریاض الحق) سافٹ ویئرز کےغیر قانونی استعمال میں چین سرفہرست جبکہ بھارت کا پانچواں نمبر ہے، 2016میں موسیقی کی نقل میں پندرہ فیصد اضافہ ہوا، 40 فیصد موسیقی نقل شدہ استعمال ہوئی،23اپریل کو پوری دنیا میں کتاب اور کاپی رائٹ کا عالمی دن Reading its my Right کے عنوان کے تحت منایاگیا جس کا مقصد عالمی سطح پر کتاب کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات بھی اٹھانا ہے جس سے تخلیقات کی چوری کو روکنے کے حوالے سے اقدامات کئے جاسکیں۔ تاہم نہ تو کتاب کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے کوششیں کی گئیں اور نہ ہی تخلیقات کی چوری کو روکا جاسکا جس کا اندازہ اس امر سے بآسانی لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا میں بدستور مختلف سافٹ ویئر موسیقی اور دیگر تخلیقات کا غیر قانونی استعمال جاری ہے جس میں نہ صرف کم آمدنی والے ممالک شامل ہیں بلکہ دنیا کے جدید ترین ممالک بھی اس غیر قانونی امر میں ملوث ہیں۔ بک اینڈ کاپی رائٹ کے عالمی دن کے حوالے سے جنگ ڈیولپمنٹ رپورٹنگ سیل نے مختلف ذرائع سے جو اعداد و شمار حاصل کئے ہیں اس کے مطابق 2016ء کے دوران دنیا میں موسیقی کی غیر قانونی نقل میں 15فیصد اضافہ ہوا۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی فونو گرافک انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق انٹرنیٹ کے استعمال سے میوزک کی غیر قانونی نقل میں قابل ذکر اضافہ ہوا اور 2016ء کے دوران دنیا میں 40 فیصد موسیقی نقل شدہ استعمال ہوئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر ایک طرف کتابوں کے مسودوں کی چوری اور موسیقی کی غیر قانونی نقل میں اضافہ ہورہا ہے تو دوسری جانب مختلف کمپیوٹر سافٹ ویئرز کے غیر قانونی استعمال میں بھی اضافہ جاری ہے جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا میں ہر 5 میں سے 2 سافٹ ویئر غیر قانونی ہیں۔ مائیکرو سافٹ اینڈ ایڈوب کی اسٹڈی کے مطابق 83فیصد غیر لائسنس شدہ صارف قانونی انداز سے کمپیوٹر کے کاروبار کا حصہ ہیں اور یہ یہی وجہ ہے کہ 52ارب ڈالر کے غیر لائسنس شدہ سافٹ ویئر کام کررہے ہیں اور اسی حوالے سے دنیا میں سب سے زیادہ غیر قانونی کمپیوٹر سافٹ ویئر کا استعمال کرنے والا ملک چین ہے۔ غیر قانونی سافٹ ویئر کے استعمال میں امریکہ دوسرے، ایران تیسرے، روس چوتھے اور بھارت پانچویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان غیر قانونی کمپیوٹر سافٹ ویئر استعمال کرنے والا 15 واں ملک ہے ۔