روس کا شام کو جدید ترین ایس تھری میزائل سسٹم فراہم کرنے پر غور

April 24, 2018

کراچی (نیوز ڈیسک) روس کے عسکری ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ روس کی جانب سے شام کو جدید ترین ایس تھری میزائل سسٹم فراہم کیے جا سکتے ہیں، اور ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے اس جدید میزائل سسٹم پر حملے کی کوشش کی تو اسے سنگین اور تباہ کن نتائج بھگتنا ہوں گے۔ برطانوی اخبار نے روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ماہرین سمجھتے ہیں کہ اسرائیل شام کو جدید ترین میزائل سسٹم کی فراہمی پر منفی رد عمل کا اظہار کر سکتا ہے اور ممکن ہے کہ وہ اس جگہ بمباری کرے جہاں یہ سسٹم نصب کیا جائے گا۔ روس کے نامعلوم عسکری ذریعے نے خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اگر اسرائیل نے میزائل تنصیب کی جگہ پر حملہ کیا تو تمام فریقین کیلئے نتائج تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے روسی سفارت کار نے بتایا کہ اسرائیل نے روس سے کہا ہے کہ وہ شامی فوج کو ایس تھری میزائل سسٹم فراہم نہ کرے۔ اس حوالے سے اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے کسی بھی تبصرے سے گریز کیا۔ پیر کو روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ فی الوقت شام کو میزائل سسٹم فراہم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، لیکن اگر ایسا ہوا تو اس بات کو راز نہیں رکھا جائے گا۔ اس سے قبل سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے میزائل حملے کے بعد روس پر یہ اخلاقی ذمہ داری ختم ہوگئی ہے کہ وہ اپنے اتحادی شامی صدر بشار الاسد کو جددی ترین میزائل فراہم نہ کرے۔