پشتون تحفظ موومنٹ کے نام سے ویب سائٹ کابل سے جاری اور آپریٹ ہونے کا انکشاف

April 24, 2018

کراچی (افضل ندیم ڈوگر)پاکستان میں پشتونوں کے حقوق کیلئے حال میں مشتبہ جدوجہد کے نام سے سامنے آنے والی تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ کے نام سے ایک ویب سائٹ افغانستان کے دارالحکومت کابل سے جاری اور آپریٹ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان کیخلاف سرحد پار سے جاری سازشوں کے حوالے سے وفاقی ادارے کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کئی لنکس اور انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ویب سائٹ پر اپ ڈیٹس بھی افغانستان کے شہر کابل سے کی جارہی ہیں، ویب سائٹ میں رابطے کیلئے بھی کابل ہی کا فون نمبر 93782809999 دیا گیا ہے۔ اس ویب سائٹ کا ڈومین اقبال حقمل خان نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور وہی اسے چلا رہا ہے۔ اس شخص کے بارے میں جب مزید معلومات کی گئیں تو ریکارڈ میں وہ پاکستان میں افغان پناہ گزین پایا گیا، اقبال حقمل خان پاکستان میں تعلیم بھی حاصل کرچکا ہے۔