فیض آباد دھرنا انکوائری رپورٹ، ڈپٹی اٹارنی جنرل سے جواب طلب

April 26, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے فیض آباد دھرنا انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کی درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ درخواست گزار عبدالقیوم کے وکیل کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس سے رپورٹ کے حصول کی درخواست دی لیکن اسے مسترد کر دیا گیا۔ جسٹس شوکت عزیز نے ریمارکس دیئے کہ تحقیقاتی رپورٹ کو عدالتی حکم پر سیل کیا گیا ہے، میرے خلاف پہلے ہی چھ ریفرنس دائر ہیں آپ چاہتے ہیں ساتواں بھی ہو جائے۔ فاضل جج نے کہا کہ جلد سیکرٹری دفاع کو نوٹس جاری کرکے اس حوالے سے جواب طلب کرینگے۔