واسا کی نااہلی ،ریلوے اسٹیشن، سڑکیں اور بازار گندے پانی میں ڈوب گئے

April 27, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) واسا انتظامیہ کی نااہلی نے شہریوں کو سیوریج کے پانی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ ریلوے اسٹیشن و ملحقہ علاقوں میں سڑکیں اور بازار سیوریج کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ واسا کی نااہلی کے باعث ریلوے اسٹیشن، قدم گاہ، مکی شاہ روڈ، پھلیلی، لطیف آباد نمبر 3و دیگر علاقوں میں روزانہ گٹر ابلنے اور سڑکیں زیر آب آنا معمول بن چکا ہے۔ ریلوے اسٹیشن کے باہر اور ملحقہ علاقوں میں ایک سے دو فٹ تک سیوریج کا پانی جمع ہے جس کی وجہ سے بالائی علاقوں اور کراچی سے آنے والے ہزاروں مسافروں سمیت رہائشیوں کو اذیت کا سامنا ہے جبکہ سڑکوں اوربازاروں میں گندے پانی کی موجودگی کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہوگیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اربوں روپے کے فنڈز ملنے کے باوجود محکمہ واسا گزشتہ 10سال سے شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر نہیں کرسکا ۔ گذشتہ ادوار میں واسا میں مالی مشکلات کے باعث ملازمین کام نہیں کرتے تھے، لیکن اب ہر ماہ تنخواہ کی وصولی کے بعد بھی تین ہزار کے قریب ملازمین اور افسران مفت کی تنخواہ وصول کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق واسا میں انتظامی نااہلی کے باعث شہریوں کو پینے کے پانی اور نکاسی آب کے مسائل کا سامنا ہے۔