ٹریفک کی روانی،تجاوزات کے خاتمے کیلئے ماسٹر پلان تشکیل دے دیا

April 27, 2018

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کے سینئر ڈائریکٹر لینڈ قمر شیخ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی اور اہم شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے ماسٹر پلان تشکیل دے دیا ہے، شہر کی شہ رگ مرکزی شاہراہ گل سینٹر سے سینٹرل جیل اور وہاں سے نیا پل تک تمام پارکنگ ختم کرنے اور ہر طرح کی تجاوزات ختم کرنے کے لئے اینٹی انکروچمنٹ سیل کو احکامات جاری کردیئےہیں، ڈسٹرکٹ انتظامیہ، پولیس اور ٹریفک پولیس کے تعاون سے ٹریفک کے مسائل حل کرینگے، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نالوں نالیوں پر قائم تجاوزات کی تحریری نشاہدہی کے فوری بعد واٹر کمیشن کے احکامات کی روشنی میں تجاوزات مسمارکردی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کے سینئر ڈائریکٹر لینڈ قمر شیخ نے اینٹی انکروچمنٹ سیل کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا، انچارج اور دیگر افسران سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر قمر شیخ نے اینٹی انکروچمنٹ سیل کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی بھی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ٹریفک کی روانی اور اہم شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے تشکیل دیئے گئے ماسٹر پلان کے مطابق کارروائیاں شروع کی جائیں اور ہر صورت رمضان المبارک میں روزے داروں اور شہریوں کے ٹریفک کے مسائل کے حل کو ممکن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹرپلان کے مطابق گل سینٹر سے سینٹرل جیل اور وہاں سے نیا پل چوک تک شہر کی مرکزی شاہراہ پر ہر قسم کی تجاوزات بلاامتیاز مسمارکردی جائیں اور مذکورہ شاہراہوں پر کسی بھی مقام پر پارکنگ قائم نہیں کرنے دی جائے گی، اگر کسی بھی ادارے یا بلدیہ ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پارکنگ کا اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے تو اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، کیونکہ اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے تمام پارکنگ ختم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ ماسٹرپلان کی کامیابی کے لئے ڈسٹرکٹ انتظامیہ، پولیس اورٹریفک پولیس سے بھی مددطلب کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نالوں اورنالیوں پر قائم تجاوزات کی تحریری نشاہدہی کرتے ہی سپریم کورٹ کے تشکیل کردہ واٹرکمیشن کے احکامات کی روشنی میں بھرپور کارروائی جائے گی اورواٹرکمیشن کے احکاما ت پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیاجائے گا۔ اس موقع پر انچارج اینٹی انکروچمنٹ نے سینئر ڈائریکٹر لینڈ کو عملے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔