کرپشن کے مقدمہ میں سابق تعلقہ ناظم کو جیل بھیجنے کاحکم

April 27, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)انسداد رشوت ستانی کی خصوصی (صوبائی) عدالت برائے حیدرآباد نے کرپشن کے مقدمہ میں سابق تعلقہ ناظم ٹنڈوغلام حیدرکی ضمانت کی توثیق کی درخواست پرسرکاری وکیل کے دلائل کے بعد اسے گرفتارکرکے جیل بھیجنے کاحکم دیدیاہے، دیگر عدالتوں نے کچی شراب سے ایک شخص کی ہلاکت کے الزام میں گرفتار 2ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی جبکہ شراب رکھنے کے دو الگ الگ مقدمات میں گرفتار 3 ملزمان کو عدالتوں نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کاحکم دیدیاہے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد رشوت ستانی کی خصوصی صوبائی عدالت برائے حیدرآبادنے اینٹی کرپشن ٹنڈومحمدخان تھانے میں درج کرائم نمبر 1/2016میں نامزد سابق تعلقہ ناظم ٹنڈوغلام حیدرغلام مصطفی چانڈیو کی ضمانت کی توثیق کی درخواست سرکاری وکیل کے دلائل کے بعدمسترد کرکے اسے گرفتار کرنے اورجیل بھیجنے کاحکم دیدیاہے۔ سابقہ تعلقہ ناظم کے خلاف مال پڑی ٹنڈوغلام حیدر کا ٹھیکہ قوائد وضوابط نظرانداز کرکے جعلسازی کے ذریعے اپنے قریبی دوست کو دینے کا الزام تھا۔ علاوہ ازیں 8thایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج حیدرآباد نے ہٹڑی تھانے کی حدود میں کچی شراب سے ایک شخص کی ہلاکت کے مقدمہ میں گرفتار 2 ملزمان کی جانب سے دائر ضمانتوں کی درخواست سرکاری وکیل کے دلائل کے بعد مسترد کردی ہے۔ سول جج وجوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 11نے پنیاری تھانے کی حدود سے شراب رکھنے کے الزام میں گرفتار 2ملزمان گل حق اورمحمدرفیق کو 14,14روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کاجبکہ سول جج وجوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 10نے فورٹ تھانے کی حدود سے شراب رکھنے کے الزام میں گرفتار ملزم رحمان قائم خانی کو بھی 14روز کے جوڈیشل ریماند پر جیل بھیجنے کاحکم دیدیاہے۔