ن لیگ نے عوام دشمن اور مزدور کش بجٹ پیش کیا ہے، سینیٹر رضا ربانی

April 30, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کاغذی شیروں اور کرکٹ کھیلنے والے آمریت کی پیدوار ہیں ۔ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات میں عوام مسترد کر دیں گے ۔ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کا سورج طلوع اور دیگر پارٹیوں کا غروب ہونے والا ہے۔ کراچی میں بدامنی کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے ۔ آج کے جلسے نے کراچی سے خوف کے بت کو توڑ دیا ہے ۔ اب آئندہ کراچی والے شہید بی بی کے بیٹے اور ان کی جماعت کو ووٹ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے رہنماؤں رضا ربانی ، شیری رحمان ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، سابق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ ، نثار احمد کھوڑو ، وقار مہدی ، سعید غنی ، جاوید ناگوری ، شاہدہ رحمانی اور ظفر صدیقی نے اتوار کو پیپلز پارٹی کے تحت ٹنکی گراؤنڈ ایف سی ایریا لیاقت آباد میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ لیاقت آبادمیں تاریخی جلسے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں۔ اب پیپلز پارٹی کسی کے لیے میدان کھلا نہیں چھوڑے گی ۔ (ن) لیگ نے عوام دشمن اور مزدور کش بجٹ پیش کیا ہے۔ یہ سرمایہ کاروں کا بجٹ ہے۔ کوئی دعوی کرتا ہے کہ میں تبدیلی لا رہا ہوں ۔ کون سی تبدیلی لا رہے ہو ۔ کیا بلے کی تبدیلی لا رہے ہو ۔ یا بولنگ تبدیل کر رہے ہو۔ غریبوں کی قسمت تبدیلی جیسے نعروں سے نہیں بدلتی۔ غریب کو خوش حال کرنے کے لیے پہلے عملی خدمت کرنا پڑتی ہے ۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ آج کے جلسے کے لیے ٹنکی گراؤنڈ چھوٹا پڑ گیا ہے جتنی بڑی تعداد میں عوام آئی ہے ، ہمیں اس سے کئی گنا بڑے گراؤنڈ کی ضرورت ہے ٹنکی گراؤنڈ پی ایس کے جلسے کے لیے بھی ناکافی ہے انہوں نے کہا کہ کسی بے گناہ شخص کا خون بہائے بغیر پیپلز پارٹی نے کراچی میں امن قائم کیا۔ اب وہ لوگ پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر خوف زدہ ہو گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری فرزند کراچی ہیں۔ آج کراچی پیپلز پارٹی کی رونقوں سے چمک اٹھا ہے آج وفاقی حکومت نے کراچی سے بجلی اور پانی چھین لیا ہے ۔ وفاقی حکومت نے آج تک سندھ کو بجلی کی پیداوار کے لائسنس نہیں دیئے ہیں ۔ اشتہارات کے ذریعہ حکومت چلانے والے اسلام آباد میں بیٹھے ہیں ۔ وہ ملک اور کراچی کو کچھ نہیں کہہ سکتے ۔ ہم حقیقی ترقی پر یقین رکھتے ہیں ۔ کراچی بھٹو کا ہے ۔