ترکی میں سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کی فوجی مشقیں

May 02, 2018

ترکی کے شہر ازمیر میں مختلف ممالک کی مسلح افواج کی مشترکہ فوجی مشقیں شروع ہوگئی ہیں ۔ان مشقوں میں سعودی عرب اور میزبان ترکی کے علاوہ متعدد ممالک کی تینوں مسلح افواج کے دستے اور خصوصی یونٹس حصہ لے رہے ہیں ۔

سعودی عرب کے برّی اور بحری دستوں کے علاوہ شاہی فضائیہ کے پندرہ لڑاکا جیٹ بھی ان مشقوں میں شریک ہیں ۔

سعودی کمانڈر کرنل عبداللہ بن محمد الضریبی نے بتایا ہےکہ مسلح افواج کے دستے دوست ممالک کے ساتھ مختلف فوجی مشقیں کررہے ہیں ۔ وہ بحری مشقوں میں تلاشی اور جنگی ماحول میں ریسکو کی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ یہ جنگی مشقیں شریک ممالک کی مسلح افواج کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہیں اور وہ متنوع فوجی تیکنیکوں کو اپنی حربی صلاحیت میں اضافے کے لیے بروئے کار لا سکتے ہیں ۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ سعودی عرب کی مسلح افواج ترکی میں ان ای ایف ای ایس مشقوں میں شریک ہیں ۔اس سے پہلے انھوں نے 2016ء میں ترکی میں منعقدہ ان مشقوں میں شرکت کی تھی۔