پی پی ایل ’نیشنل چیلنج کپ‘ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی

May 03, 2018

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی ٹیم نے اپنے پہلے ہی ایونٹ میں حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اشرف شوگر ملز کو 3-0 سے شکست دیکر نیشنل چیلنج کپ کے سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

کے پی ٹی اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں پی پی ایل کی ٹیم نے میچ کا آغاز ہی جارحانہ انداز میں کیا ۔ اسٹرائیکر عبداللہ نے چوتھے منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی۔

پی پی ایل کی ٹیم کے دوسرے اسٹرائیکر نذیر احمد نے 11ویں منٹ میں ایک خوبصورت موو کے نتیجے میں ایک اور فیلڈ گول کرکے ٹیم کو 2-0کی برتری دلا دی جو پہلے ہاف کے اہتمام تک جاری رہی۔

دوسرے ہاف میں اشرف شوگر ملز کی ٹیم نے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کے گول پر متعدد حملے کئے مگر اسکور کرنے میں ناکام رہی۔

پی پی ایل کی ٹیم کے اسٹرائیکر عبداللہ نے 70ویں منٹ میں انفرادی طور پر دوسرا جبکہ ٹیم کی طرف سے تیسرا خوبصور ت گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔

فتح یاب پی پی ایل کی تمام ٹیم کم عمر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن کا چناؤ پی پی ایل بلوچستان کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں میں سے کیا گیا ہے جو بلوچستان بھر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھتی ہیں۔

پی پی ایل کے ڈائریکٹر بریگیڈئر فرقان الدین نے بھی میچ دیکھا اور میچ کے اختتام پر اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سراہتے ہوئے متعدد انعامات کا اعلان کیا۔

ٹورنامنٹ کا دوسرا کوارٹر فائنل 4مئی کو پاکستان نیوی اور پاکستان واپڈا تیسرا کوارٹر فائنل 5مئی کو پاکستان ائیر فورس اور پاکستان آرمی جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل 6مئی کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایشیاء گھی ملز کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔