گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری پر 2 ملازمین فارغ، ایک معطل

May 04, 2018

خیبرٹیچنگ اسپتال انتظامیہ نےگردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث تین ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرکے دو کو فارغ اور ایک کو معطل کردیا ہے، تینوں اہلکار گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث تھے ۔

غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور کے ملازمین کے خلاف اسپتال انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈائیلائیسز ٹیکنیشن شعیب خان اور اینستھزیا ٹیکنیشن عبدالبصیر کو اسپتال سے فارغ کردیا ہے اور مزید کارروائی کے لئے ان کا کیس محکمہ صحت کو بھیج دیا ہے جبکہ چوکیدار محمد حسین کو معطل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈائیلائیسز ٹیکنیشن شعیب خان ،عبد البصیر اینستزیا ٹیکنیشن اور وارڈ چوکیدار حسین گزشتہ چھ ماہ سے آزاد کشمیر میں غیر قانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ اسپتال چلا رہے تھے۔

انتظامیہ کے مطابق تینوں اہلکاروں کو آزاد کشمیر پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سےقبل حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کےجعلی ڈاکٹر عبدالعزیز کو نوشہرہ کے نجی اسپتال میں غیر قانونی طور پر کڈنی ٹرانسپلانٹ کے الزام میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔