کے پی میں بغیر چھت اور کرایہ کی عمارتوں میں قائم اسکولوں کا انکشاف

May 04, 2018

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی رپورٹ میں بغیر چھت اور کرایہ کی عمارتوں میں قائم اسکولوں کا انکشاف ہوا ہے، صوبہ کے مختلف اضلاع میں چار سو سے زائد اسکولز کرایہ کی عمارتوں میں قائم ہیں۔

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی سالانہ سنسزرپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں 4 سو 83 سرکاری اسکولز چھت کےبغیر ہیںجن میں لڑکیوں کے 96 اور لڑکوں کے 387 اسکولز شامل ہیں جبکہ 441 سرکاری اسکولز کرائے کی عمارتوں میں قائم ہیں۔

اسی طرح صوبہ میں151 اسکولز مخیر حضرات کی جانب سے عطیہ کردہ عمارتوں میں قائم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق چھت کے بغیرسب سے زیادہ اسکولز کوہستان میں موجود ہیں جنکی تعداد 164 ہیں، مانسہرہ میں 151، بٹگرام 51 اور ایبٹ آباد میں بغیر چھت کے اسکولوں کی تعداد42 ہے۔

شانگلہ میں 50 ،مانسہرہ میں 58 اور ڈی آئی خان میں 47 اسکولز کرایہ کی عمارتوں میں قائم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مردان میں 39، نوشہرہ میں 30 ، ایبٹ آباد میں 35 اور چارسدہ میں 40 اسکولز کرایہ کی عمارتوں میں قائم کئے گئے ہیں۔