شاہراہ قراقرم پر اپنی نوعیت کی پہلی انٹرنیشنل سائیکل ریس شروع

May 11, 2018

شاہراہ قراقرم پر اپنی نوعیت کی پہلی انٹرنیشنل سائیکل ریس کا آغاز ہوگیا ہے، ریس میں شامل ملکی وغیرملکی سائیکلسٹس گلگت سے خنجراب کی جانب روانہ ہو گئے۔

بین الاقوامی سائیکل ریس ٹور ڈی خنجراب میں ملک کے چاروں صوبوں اور جی بی کے مختلف علاقوں کے علاوہ امریکا، افغانستان اور سوئیٹزرلینڈ سمیت دیگر ممالک کے مجموعی طور پر 107 سایئکلسٹس شامل ہیں۔

گلگت شہر میں 3 روز پریکٹس کے بعد سٹی پارک گلگت میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں گوجال بینڈز نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائیکل ریس کے شرکاء کو ٹریبیوٹ پیش کیا۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڑ،کمشنر گلگت ڈویژن عثمان احمد اور اعلیٰ سرکاری حکام و عمائدین علاقہ نے پرتپاک انداز میں رخصت کیا۔

سائیکلسٹس مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے ضلع نگر پہنچیں گے جہاں خوبصورت سیاحتی مقام راکا پوشی ویو پوائنٹ پر ریس کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گا۔

ریس کا دوسرا مرحلہ 12 مئی کو ضلع ہنزہ کے علاقے سوست میں جبکہ تیسرا و آخری مرحلہ 13 مئی کو سطح سمندر سے 16 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع پاک چین سرحد خنجراب میں اختتام پذیر ہوگا۔

کمشنر گلگت ڈویژن عثمان احمد کے مطابق ریس کے تینوں مراحل میں ریس کے آغاز سے اختتام تک شاہراہ قراقرم پر ریس کے مخصوص روٹ پر ہر قسم کی ٹریفک معطل رہے گی۔