کیا ہمیش ریشمیا نے بھی شادی رچالی؟

May 11, 2018

چار موسم سنتے آئے ہیں، اب بالی ووڈ سے ایسی خبر یں آرہی ہیں کہ لگتا ہے کہ وہاں پانچواں موسم’ شادی‘کاآگیا ہے ۔

سونم کپور اپنے پیا کے گھر پہنچی ہی تھیں کہ نیہا دھوپیا کی شادی کی تصاویر بھی عام ہوگئیں اور اب اطلاعات آرہی ہیں کہ دنیا کو اپنی آواز سے ’عاشق‘ بنانے والے ہمیش ریشمیا بھی بیاہ رچانے جارہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں سوالیہ انداز میں یہ خبر بریک کی ہے کہ کیا ہمیش ریشمیا نے اپنی گرل فرینڈسونیا کپور سے چھپ چھپا کے شادی کرلی ہے ؟ساتھ ہی بعض خبروں میںبھارتی گلوکار کے قریبی ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ شادی آج رات یعنی 11مئی کو ہونی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ اپنی گرل فرینڈ سونیا کپور سے شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں،یہ ان کی دوسری شادی ہے ، اس سے قبل ان کی پہلی شادی کومل ریشمیاسے ہوئی تھی ،ان دونوں کے درمیان علیحدگی گزشتہ برس ہوئی تھی ،اس جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے ۔

اس وقت کی خبروں میں یہ بات بھی زیر گردش رہی تھی کہ ہمیش ریشمیا کی شادی کے ٹوٹ جانے کے پیچھے سونیا کپور ہی ہیںلیکن کومل اور ہمیش نے ان خبروں کو افواہ قرار دے کر رد کردیا تھا ۔