پاکستان اور آئرلینڈ کا تاریخی ٹیسٹ، پہلے دن ٹاس بھی نہ ہوسکا

May 12, 2018

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ کا پہلا دن بارش کی نذر ہوگیا اور اسٹیڈیم آنے والے کرکٹ کے متوالوں کا جوش بھی ٹھنڈا پڑ گیا ۔ ٹیسٹ کے بقیہ 4 دن کھیل 98 اوورز کا ہوگا۔

ڈبلن میں آئرلینڈ کا اولین کرکٹ ٹیسٹ کا پہلا دن ٹھنڈے موسم، تیز ہواؤں، بارش اور ژالہ باری کی نذر ہوگیا، موسم نے ٹاس کی بھی مہلت نہ دی۔

اس موقع پر امپائرز نے وقفے وقفے سے گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور بالآخر 4 گھنٹے انتظار کے بعد پہلے دن کا کھیل منسوخ کر دیا گیا۔

ٹیسٹ کے دوسرے دن سے کھیل 98 اوورز کا ہوگا اور 4 روزہ ٹیسٹ کی شرائط لاگو ہوں گی، یعنی میچ میں فالوآن 200 کے بجائے 150 رنز پر ہوگا، تاہم اس سب کے باوجود موسم اب بھی اپنا رنگ دکھائے گا۔