پی ٹی آئی پگڑی اچھال پارٹی ہے، نواز شریف

May 16, 2018

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پگڑی اچھال پارٹی ہے، جس کا نہ کوئی کردار ہے اور نہ نظریہ، وہ ایک گندی زبان والی پارٹی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر نواز شریف نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میںکہا کہ پی ٹی آئی امپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والی پارٹی ہے۔

صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ پی ٹی آئی نے آپ کے قومی کمیشن بنانے کی تجویز مسترد کر دی ہے، جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پگڑی اچھال پارٹی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ 2014 کے دھرنوں کے پیچھے کئی کردار تھے، عمران خان اور طاہر القادری ان میں شامل تھے، انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر دیگر کرداروں کے نام بھی بتا دوں گا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک انصاف دھرنوں والی پارٹی ہے جسے عوام کے ووٹ کو عزت دو پر یقین نہیں۔