ورکنگ باؤنڈری پر بلا جواز فائرنگ، اجے بساریہ کی دفتر خارجہ طلبی

May 18, 2018

پاکستان نے بھارتی فوج کی ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی شہادت پر بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

ذرائع کے مطابق دفترخارجہ نے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔

احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چپڑار، ہرپال، پُکھلیاں اور شکر گڑھ سیکڑ میں بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، بھارتی افواج نےسیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کونشانہ بنایا۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے لہٰذا بھارت سیز فائر معاہدے کا احترام کرے۔

احتجاجی مراسلے میں بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی خطے کے امن کے لیے خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آج بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 شہری شہید اور 10 زخمی ہوگئے ۔ شہداء میں 3 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔