کراچی میں شدید گرمی ،بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، شہری بے حال

May 20, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں تیسرے روزے کو بھی شدید گرمی کے باوجود اعلانیہ اور غیراعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا اور شہری سخت گرمی میں بلبلاتے رہے۔ ہفتے کو شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی کم از کم 2 گھنٹے اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی، جب کہ تیکنیکی وجوہ کی بناء پر بھی کئی کئی گھنٹے بجلی کی سپلائی منقطع رکھی جارہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں4 سے8 گھنٹے تک مسلسل لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس کے بارے میں کے الیکٹرک کے حکام کوئی معقول وجہ بتانے سے قاصر ہیں اور انہوں نے اپنا سارا فوکس اس پرزے پر مرتکز رکھا ہے جو بیرون ملک سے درآمد کر کے بن قاسم پاور پلانٹ میں لگایا جانا تھا، مگر اس ضمن میں اب تک کچھ پتہ نہیں کہ پرزہ آنے کے باوجود کب تک لگا دیا جائے گا اور کب تک شہرمیں بجلی کی سپلائی بناء تعطل کی جائے گی۔ شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ کے الیکٹرک کو پابند کریں کہ وہ ملک کے معاشی حب میں بناء تعطل بجلی فراہم کرے، تاکہ رمضان کے مبارک مہینے میں شہری سکون کا سانس لے سکیں۔