نیوٹاؤن، فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت، مقتول کا دوست گرفتار، اسلحہ برآمد

May 23, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوٹاؤن میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے قتل میں پولیس نے مقتول کے دوست کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، تفصیلات کے مطابق نیوٹاؤن تھانے کی حدود شرف آباد میں پیر کی شب فائرنگ سے14 سالہ فیضان زخمی ہوا تھا جس کوفوری طور پر ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچایا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اپنے دوستوں کے ساتھ گھر کے قریب بیٹھا تھا کہ اسی دوران مقتول کے دوست اسامہ کے پستول سے گولی چل گئی جس کے نتیجے میں فیضان گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا اور دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، پولیس نے مقتول کے دوست اسامہ کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا، پویس کاکہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش بیان دیا ہے کہ مقتول فیضان میرے بھانجے کا بچپن کا دوست تھا، فیضان سے میری دوستی تین ماہ قبل ہوئی تھی، ہم لوگ پیر کی شب بیٹھے تھے اور میں اسلحہ اپنے دوستوں کو دکھا رہا تھا کہ اسی دوران اسلحہ کب لوڈ ہوا مجھے پتہ ہی نہیں چلا اور فائر ہوگیا جس سے فیضان جاں بحق ہوگیا۔