نگراں وزیراعظم کیلئے کسی ریٹائرڈ جرنیل جج کا نام زیر غور نہیں ، نواز شریف غیر متنازع شخص چاہتے ہیں، شاہد خاقان

May 23, 2018

اسلام آباد(جنگ نیوز)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ نگراں وزیراعظم کا نام بتانا قبل از وقت ہوگا‘گزشتہ روزمیٹنگ ہوئی ہے ‘آج پھر ہوگی ‘اگر نام پر اتفاق رائے نہ ہوسکا تو یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا‘اگرآج فیصلہ نہ ہواتوکل ضرور ہر بات واضح ہوجائے گی‘ ان ناموں میں کوئی بھی ہوسکتے ہیں‘ کسی ریٹائرڈ جرنیل‘جج یا ٹیکنوکریٹ کا نام زیر غور نہیں ہے‘نواز شریف کو کسی نام پر کوئی اعتراض نہیں ہے ‘وہ غیر متنازع شخص چاہتے ہیں ‘بہرحال الیکشن میں تاخیر ہونا ممکن نہیں ہے نا ہی آئین میں کوئی گنجائش ہے اور اس بات کو عوام اور کوئی جماعت بھی قبول نہیں کرے گی اور میں نہیں سمجھتا کہ ٹیکنوکریٹ ملک چلا سکتے ہیں‘اشاروں کی سیاست پیچھے چھوڑدی ‘نوازشریف جیل جانے کو تیار ہیں ‘ہم نے پہلے ڈیل کی نہ آئندہ کریں گے۔وزیراعظم نے منگل کو ایک ٹی وی انٹرویو میں کہاکہ جہاں تک الیکشن کا خلائی مخلوق سے کرانے کا تعلق ہے میں نے ایسا کچھ نہیں کہا ‘اسپیکر صاحب کے ہاں ایک صحافی جو ہمارے دوست بھی ہیں بیٹھے تھے‘ انہوں نے پوچھا کہ الیکشن آپ کے خیال میں خلائی مخلوق کرائے گی اس پر میں نے کہا کہ خلائی مخلوق کرائے یا زمینی کرائے الیکشن جیتے گی مسلم لیگ ن ہی ،اس کو چند افراد نے توڑ مروڑ دیا۔جولائی کے آخری ہفتے میں انشا اللہ الیکشن ہوجائیں گے کیونکہ دو صوبوں کی مدت اٹھائیس جولائی کو ختم ہوجائے گی اٹھائیس سے آگے معاملہ نہیں جاسکتا ‘جہاں تک مسلم لیگ ن میں ٹوٹ پھوٹ کی بات ہے یہ الیکشن سے پہلے اس طرح کی بہت سی چیزیں دیکھنے کو ملتی ہیں یہ الیکشن کا حصہ ہیں‘ چند لوگوں کا یہ مخصوص انداز ہے سیاست کا کوئی اِدھر چلا جاتا ہے کوئی اُدھر چلا جاتا ہے‘بہرحال یہ اُن لوگوں کا ذاتی فیصلہ ہے اور میں اُمید کرتا ہوں کہ وہ کسی کے اشاروں پر نہیں جارہےاور میں سمجھتا ہوں اشاروںکی سیاست کو ہم نے پیچھے چھوڑ دیا ہے‘ اگر آج بھی ایسے اشاروں پر عمل ہو رہا ہے تو جمہوریت کا مستقبل روشن نہیں ہے ۔