ن لیگ میں قیامت صغریٰ کا منظر عام ہوچکا،فواد چوہدری

May 23, 2018

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ کی سیاست ختم ہوگئی ،حکمران جماعت میں قیامت صغریٰ کا منظر عام ہوچکا ہے ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کےد وران فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کو پاکستان سے محبت ہوتی تو 300 ارب روپے باہر نہیں لے جاتے ،سابق وزیراعظم کا مقصد اپنی جائیداد بچانا ہے ۔

انہوں نےکہا کہ پاناما لیکس کا معاملہ جرمنی میں سامنے آیا ،جس کے بعد منی لانڈرنگ کے خلاف مہم پوری دنیا میں چلی ،نوازشریف نے تحقیقات میں ہر بات بتائی لیکن یہ نہیں بتایا کہ ان کی منی ٹریل کہاں ہے ۔

پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ جو لوگ خود اسٹیبلشمنٹ اورآئی ایس آئی سےپیسےلیتےرہےوہی ان کےخلاف تقریریں کرتے رہے،نواز شریف دکھی دل کے ساتھ کارگل پر بات کرتے ہیں لیکن سیاچن پر بات نہیں کرتے ۔

ان کا یہ بھی کہناتھاکہ نوازشریف کو مارشل لاکےساتھ رہنےپرکوئی اعتراض نہیں،اصغرخان کیس میں نوازشریف نے پیسے لیے، آئی جے آئی بنوائی گئی،جاوید ہاشمی نے 87 لاکھ روپے کیش لیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کا شکوہ ہے کہ ان کےخلاف اسکینڈل کی تحقیقات کیوں ہوئی؟سابق وزیراعظم کا بیانیہ ہے کہ انہوں نے دوسروں کے ساتھ جو کچھ کیا وہ درست ہے جبکہ دوسروں نے ان کے ساتھ جو کچھ کیا وہ غلط ہے ۔

ان کا کہناتھاکہ شہبازشریف ، نوازشریف نے ماضی میں ججوں پر دبائو ڈالا ، کیا انہوں نے اس کی معافی مانگی ؟سابق وزیراعظم کی 1993ء میں حکومت کرپشن کے الزامات پر برطرف ہوئی تھی ،نوازشریف کو اپنے کئے اقدامات پر کوئی افسوس نہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ نوازشریف دوسرے کے لیے بہت برے جج اپنے لیے اچھے وکیل ہیں،بھٹواوربینظیرکی روح کوموقع ملےتواستغاثہ کے سب سے بڑا گواہ بھی بھٹواوربینظیرہونگے،نوازشریف کونسلرکا الیکشن نہیں لڑپائےاسےپنجاب کا وزیراعلیٰ بنایاگیا۔