شدید گرمی سے فالج کے مریضوں کی حالت غیر ہوسکتی ہے، پروفیسر واسع شاکر

May 24, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں گرمی کی شدید لہر کے باعث فالج کے مریضوں کی حالت غیر ہوسکتی ہے اس لئے انہیں ایسے کمرے میں رکھا جائے جہاں روشنی ،ہوا اور بجلی کا مناسب انتظام ہو ۔ان کے شوگر ، بلڈ پریشر اورکولیسٹرول کو کنٹرول کیا جائے ۔ انہیں زیادہ چکناہٹ والی تلی ہوئی چیزیں نہ کھلائی جائیں اور کم از کم 4سے5لیٹر پانی روزانہ پلایا جائے ۔معروف ماہر اعصابی امراض اور پاکستان سوسائٹی آف نیورولوجی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر واسع شاکر نے بتایا کہ فالج کے ایسے مریض جو دوسروں پر انحصار کرتے ہیں ان کےلئے خصوصی بسترکا انتظام کیا جائے ایسے بستر جواسپتالوں میں استعمال کیے جاتے ہیں ان کی کروٹ تبدیل کرکے لٹایا جائے کیونکہ گرمی کے اندر مسلسل ایک کروٹ پر لیٹے رہنے سے جلد ی میں دھبوں کے ساتھ دیگر جلدی امراض اورانفیکشن ہو جاتا ہے اس سے بچنا بہت ضروری ہے۔ اس کے علاوہ انہیں ایئر کنڈیشن کمروں میں رکھا جائے لیکن اگر اے سی سہولت میسر نہیں ہے توکم ازکم کمرے میں ہوا، بجلی اور روشنی کا مناسب انتظام ہو کمرے کے درجہ حرارت کو مینٹین رکھا جائے جبکہ مریض کے شوگر ، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو بھی کنٹرول کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ فالج کے مریضوں کو معمولی ورزش کرائی جائے اورجسم میں نمکیات اور لیکویڈ کی کمی سے بچنے کے لئے روزانہ 4سے 5لیٹر پانی اور تازہ پھلوں کا جو س پلایا جائے جبکہ چکناہٹ اور تلی ہوئی مرغن غذاؤں کے بجائے ہلکی غذا کھلائی جائے دہی کا استعما ل کرایا جاسکتا ہے لیکن بالائی سے پرہیز کرایا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ فالج کے مریضوں کی صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ان کی نیند پوری کرائی جائے ۔