دورہ انگلینڈ کیلئے بھارت کی تیاریوں کو دھچکا، کوہلی ان فٹ

May 25, 2018

دورہ انگلینڈ کے لیے بھارت کی تیاریوں کو بڑا دھچکا لگ گیا جب بھارتی کپتان ویرات کوہلی گردن کی انجری کا شکار ہوگئے اور وہ اب انگلش کاؤنٹی میں بھی سرے کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی پی ایل میں 17 مئی کو کھیلے گئے سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلور کے میچ میں کوہلی انجری کا شکار ہوئے۔

انڈین بورڈ کے مطابق طبی عملے نے کوہلی کی انجری کا معائنہ کر کے انہیں چند ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے تاکہ وہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ سے قبل انجری سے نجات حاصل کر سکیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کوہلی انجری سے صحت یابی کے بعد ٹریننگ کا آغاز کریں گے اور امید ہے کہ وہ 15جون تکمکمل فٹنس حاصل کرلیں گے۔

اپنے گزشتہ دورہ انگلینڈ کی خراب کارکردگی کے پیش نظر کوہلی نے اس سال دورے کی قبل از وقت تیاریوں کی غرض سے انگلش کاؤنٹی سرے سے معاہدہ کیا تھا تاہم اب وہ کاؤنٹی نہیں کھیل سکیں گے، اس دورے میںکوہلی نے 10 اننگز میںصرف 134 رنز اسکور کیے تھے۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم رواں سال 5 ٹیسٹ، 3 ٹی20 اور 3ہی ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی، اس سے قبل وہ 2ٹی 20آئرلینڈ سے بھی کھیلے گی۔

دورے کا آغاز آئرلینڈ کے خلاف ٹی20میچز سے27جون سے ہوگا جبکہ انگلینڈ سے سیریزکی شروعات 3جولائی سے 3 میچوں پر مشتمل ٹی 20سیریز سے ہوگی جس کے بعد 3ون ڈے اور پھر 5 ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔