عراقی و شامی جہادیوں کو 2لاکھ یوروبیلجیئم سے بھیجے گئے

May 25, 2018

بیلجیئم کی فیڈرل پولیس کے اینٹی منی لانڈرنگ یونٹ نے کہا ہے کہ عراق اور شام میں لڑنے والے جہادیوں کو بیلجیئم سے 2لاکھ یورو کی رقم روانہ کی گئی۔

پولیس منی لانڈرنگ یونٹ کے مطابق مذکورہ رقم زیادہ تر ویسٹرن یونین سے روانہ کی گئی جبکہ پولیس کی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ رقوم بھیجنے والے زیادہ تر افراد جن کی تعداد 100 کے قریب ہے مذکورہ جہادیوں کے رشتہ دار ہیں ۔

تمام ملزمان کے خلاف جوڈیشل اتھارٹی نے مقدمات درج کر لئے ہیں ۔ جسٹس منسٹر کون خین کے مطابق اینٹی منی لانڈرنگ یونٹ کو بینکوں اور منی ایکسچینج کے اداروں کی جانب سے مشتبہ افراد کے بارے میں مسلسل معلومات حاصل ہو رہی ہیں ۔ اب ہم کوشش کر رہے ہیں کہ بینک یا منی ایکسچینج والے صرف شکایت پہنچا دینے کی بجائے انٹیلی جنس کے افراد کے ساتھ ملکر دہشت گردی کے لئے بھیجی جانے والی رقوم کی مکمل روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں ۔

دوسری جانب یورپین کمیشن نے ممبر ممالک کے درمیان دہشت گردی اور منظم جرائم سے حاصل کردہ رقم کے اندرون یورپ آزادانہ نقل و حمل کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے ۔

یورپین کمشنر برائے اکنامک اینڈ فنانشل افیئرز پئیر موسکووک کی جانب سے گزشتہ روز طے پانے والے اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یورپ میں دہشت گردی کی روک تھام کیلئے دہشت گردوں کے مالی ذرائع کاٹنا انتہائی ضروری ہے ۔