قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہالینڈ چلے گئے،ٹرائلز بھی آگے بڑھ گئے

May 27, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیمپئینز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رولینٹٖ اولٹیمنز بعض معاملات پر ناخوش ہونے کی وجہ سےایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں جاری کیمپ چھور کر ہالینڈ چلے گئے ہیں،تاہم ٹیم کے منیجر حسن سردار نے کہاہے کہ وہ ہالینڈ میں سیمینار میں شرکت کے لئے گئے ہیں چار دن بعد واپس آئینگے، قومی کپتان رضوان سنیئر ہالینڈ میں لیگ کھیلنے کی وجہ سے کیمپ میں نہیں آئے ہیں، ان کا براہ راست قومی ٹیم میں انتخاب ہوگا، پی ایچ ایف نے حتمی ٹرائلز بھی آگے بڑھادئیے ہیں ، امکان ہے کہ اب ٹرا ئلزمنگل کو ہوں گے، قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ و سابق قومی کپتان اولمپئین اصلاح الدین نے کہا ہے کہ ان کو ٹرائلز کے حوالے سے کوئی علم نہیں، فیڈریشن کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری ہونے پر ہی ٹرائلز ہوں گے،ان ٹرائلزکے بعد پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی منتخب ٹیم کا اعلان کرے گی، ایف آئی ایچ چپئینز ٹرافی 23 جون سے ہالینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلی جائے گی،فائنل یکم جولائی کو شیڈول ہے، ایونٹ میں ارجنٹائن،آسٹریلیا،بیلجیئم, بھارت اور ہالینڈ کی ٹیمیں بھی ایکشن میں ہوں گی،افتتاحی میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا،24جون کو پاکستان کامقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا، قومی ٹیم چار جون کو ہالینڈ روانہ ہوگی۔