2018 کے انتخابات پر21 ارب سے زائد کے اخراجات آئیں گے

May 28, 2018

2018 کے انتخابات پر 21 ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے اور25 جولائی کو ملکی تاریخ کے مہنگے ترین الیکشن ہوں گے۔

2018 کے انتخابات کے لئے اخراجات کا ابتدائی تخمینہ 21 ارب روپے سے زائد لگایاگیاہے، خصوصی فیچرز والے بیلٹ پیپرز کی خریداری اور چھپائی پر ڈھائی ارب سے زائد کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے، سیکورٹی، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، پولنگ عملے کی خصوصی تربیت اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے باعث 25 جولائی کے انتخابات ملکی تاریخ کے مہنگے ترین انتخابات ہوں گے۔

2013 کے انتخابات کی نسبت 2018 کے انتخابات پر 425 فیصدزیادہ اخراجات ہوں گے، 2013 کے انتخابات پر 4 ارب 73 کروڑ 9 لاکھ 47 ہزار 802 روپے اخراجات اٹھے تھے، 2008 کے عام انتخابات پر 1 ارب 84 کروڑ 97 لاکھ 16 ہزار 560 روپے خرچ ہوئے تھے، 2002 کے انتخابات پر 1 ارب 43 کروڑ 39 لاکھ 39 ہزار 773 روپے جبکہ 1970 کے انتخابات میں 4 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آئے تھے۔