شیشے کے دروازے کچھ جدید انداز میں

June 16, 2018

شیشوں سے بنا گھر کسی زمانے میں عام افرادکے لیے ایک ایسا خواب سمجھا جاتا تھا جس کی تکمیل بے حد مشکل تھی ۔بدلتے وقت نے جہاں فن تعمیر کے طریقے بدلے وہیں عام سے عام گھر میں بھی شیشوں کے استعمال میں اضافہ کردیا، کہیں شیشے کا دروازہ تو کہیں شیشے سے بنی کیبنٹ حتی ٰ کہ شیشے کے بنے فرش پر بھی کام کیا جانے لگاہے ۔ گھر کی تعمیر کے دوران بجٹ کے اندررہتےہوئے موزوں، پائیداراور خوبصورت دروازوں کا انتخاب ایک مشکل اوروقت طلب مرحلہ ہوتا ہے۔ اگر آپ بھی اپنے گھر میں شیشے کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بہترین آئیڈیا شیشےسے بنے دروازوں کا استعمال ہے۔آج ہم اپنے قارئین کو شیشے سےبنے دروازوں کے کچھ ایسے جدید اندازبتانے جارہے ہیں جو دوران تعمیر آپکے لیے نہ صرف معاون ثابت ہو ں گے بلکہ آپ کے تعمیراتی منصوبے کی بھی قدروقیمت میں اضافہ کردیں گے۔

بیرونی دروازہ

بیرونی دروازوں کے لیے عام طور سےلکڑی کے مضبوط دروازوں کا انتخاب کیا جاتا ہے لیکن آپ کچھ منفرد کرتے ہوئےشیشے کے دروازے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔تاہم باہر کے لیے شیشے کا دروازہ بنواتے وقت اس بات کا ضرور خیال رکھا جائے کہ آپ محفوظ اور شائستہ ماحول میں قیام پذیر ہوں تاکہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سے محفوظ رہیں، یہ دروازے مضبوط اور قابل بھروسہ ہوتے ہیں۔ انکی صفائی آسان ہوتی ہے اور زنگ وغیرہ سے محفوظ رہتے ہیں۔

اگر بیرونی دروازہ مکمل شیشے کا نہیںلگانا چاہتے تولکڑی کے ساتھ بھی اس کا استعمال کیا جاسکتا ہے، دروازے کے اوپری حصے پر کٹ ورک کے ذریعے شیشہ نصب کرواکر گھر کے بیرونی حصے کو ایک بہترین انداز دیا جاسکتا ہے۔

فلیئر گرینائٹ گلاس ڈور

فلیئر گرینائٹ ڈور عام طور پر لیونگ روم یا ڈرائنگ روم میں لگوائے جاتے ہیں ۔یہ دروازے بنا فریم کے ہوتے ہیں، مثال کے طور پر دروازے کا خاکہ دیوارمیں بنوانے کے بعد اس میں شیشہ نصب کروایا جاتا ہے ،یہ دیکھنے میں آپ کے ڈرائنگ روم کو عالیشان طرز فراہم کرتے ہیں ۔ان دروازوں کے لیے نہ صرف غیر مماثل بلکہ مختلف رنگوں کے شیشوں کا رجحان مقبولیت پانے لگا ہے۔

ون سلائڈنگ گلاس ڈور

آپ نے آج تک ہر گھر میں ٹوسلائیڈنگ ڈور تو دیکھے ہوں گے جو آگے پیچھے ایک دوسرے میں ضم ہوجاتے ہیں لیکن ون سلائڈنگ گلاس ڈور آئیڈیا یقیناً آپ کے لیے منفرد اور چونکادینے والا ہوگا۔ ون سلائیڈنگ گلاس ڈور کے لیے پائپ میں ایک سلائیڈنگ گلاس سیٹ کیا جاتا ہے جو اپنی ریلنگ میں رہتے ہوئےآگے پیچھے اسی طرح حرکت کرتا ہے جیسے ٹوسلائیڈنگ ڈورکرتے ہیں۔

فیوزڈ گلاس ڈور

منفرد رنگوں اور فیوژن ٹیکنالوجی کے ہمراہ بنائے گئےفیوزڈ گلاس ڈور دکھنے میں نہ صرف خوبصورت ہوتے ہیں بلکہ مضبوط اور پائیدار بھی ۔ دروازے پر بکھرے جابجا خوبصورت ہلکے رنگ کمروں کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ہوتے ہیں ۔

پورشن کی تقسیم

شیشوں کا استعمال دروازوں میں ہی نہیں پورشن کی تقسیم کے لیے بھی کیا جاسکتا ہے۔ کسی بھی گھر میں عام طور پرپورشن تقسیم کرنے کے لیے دروازوں کا استعمال کیا جاتا ہے تاہم آپ عام دروازہ لگانےکے موڈ میں نہیں ہیں تولاؤنج اور کچن کو علیحدہ رکھنے یا ڈرائنگ روم کو لائبریر ی سے دور رکھنے کے لیےشیشے کا استعمال کرسکتے ہیں، یہ شیشے دوطرفہ بلائنڈ ہوتے ہیں اور ایک طرفہ بھی۔ یعنی ایک طرف سے آپ آرپار دیکھ سکتے ہیں مگر دوسری طرف سے نہیں۔ ان کی یہ خصوصیات دن کو رات یا روشنی کو اندھیرے میں تبدیل کردیتی ہے۔

ماڈرن انٹیریئر ڈور

ماڈرن انٹیریئر ڈور سادے،مضبوط اور بے حد خوبصورت لگتے ہیں۔ اگر آپ نےٹرینڈ کے پیش نظر گھر کی تعمیر کا ارادہ کیا ہے تو ماڈرن انٹیریئر ڈور آپ کے گھر میں ایک اچھا اضافہ ہیںجو آپ کے گھر کو جدت بخشنے کے ساتھ اس کی خوبصورتی بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

ڈیجیٹل پرنٹڈ گلاس ڈور

ڈیجیٹل کا ہے زمانہ تو کیوں ہوں گلا س ڈور میں اسٹائل پرانا؟ جی ہاں جب ڈیجیٹل فلور، ڈیجیٹل بیڈشیٹ اور ڈیجیٹل پردوں کا رواج ہو تو گلاس ڈور میں یہ اسٹائل کیوں پرانا ہونے دیا جائے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ بیڈ روم منفرد دکھنے کے ساتھ اس کی پرائیویسی بھی ڈسٹرب نہ ہو تو ڈیجیٹل پرنٹڈ گلاس ڈور کا انتخاب آپ کے بیڈروم کے لیے بہترین ہے۔