ایم آئی6 کے سابق جاسوس کا طیاروں میں لیپ ٹاپ پر امریکی پابندی میں کردار

June 19, 2018

لندن (نیوز ڈیسک ) ایک سابق ایم آئی۔6 جاسوس نے بتایا ہے کہ ویسٹ مڈلینڈز سے تعلق رکھنے والا شخص داعش کیلئے بم بنانے والا ماہر بن گیا تھا اورکس طرح اس کے اقدام نے امریکی پروازوں پر لیپ ٹاپ کےاستعمال پر پابندی عائد کروا دی۔ایمن ڈین نے یہ باتیں اپنی سوانح عمری میں بیان کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ڈڈلے کے رہائشی ہمایوں طارق نے لیپ ٹاپ بیٹریوں کے روپ میں بم سمگل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ اس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے 10 ایئرپورٹس سے امریکہ جانے والی پروازوں پر لیپ ٹاپ لے جانے کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔طارق ایک کار مکینک تھا جو کہ ایک جہادی بن گیا اور اس نے بم بنانے کی اپنی مہارت ٹیوٹر پرشیخی بازیوں میں بیان کی جس کے بارے میں یقین ظاہر کیا گیا کہ ان سے ایسے بم بنانے میں مدد ملی جو کہ لیپ ٹاپ میں بیٹریوں کی صورت میں طیاروں پر لے جائے جا سکتے تھے۔۔القاعدہ کے بم بنانے کے سابق ماہر ڈین نے انکشاف کیا کہ خفیہ ایجنسیوں نے برطانوی جہادی حلقوں میں سرایت کرکے معلومات کے حصول کےلئے اس کو بھرتی کیا تھا۔پال کریوک شانک اور ٹم لسٹر کے ہمراہ لکھی گئی کتاب ’’ نائین لائیوز ‘‘ میں ڈین نے لکھا ہے کہ’’ انٹیلی جنس ذرائع نے 2017 میں مجھے بتایا کہ ابو مسلم داعش میں ایسے بم بنانے کی کوششوں میں ملوث ہے جنہیں بیٹریوں کی شکل میں لیپ ٹاپ میں ڈال کر لے جایا جا سکتا ہے ‘‘ ڈین نے سنڈے ٹائمز کو بتایا کہ طارق اب شام عراق سرحد پر دھماکہ خیز مواد سے ڈرونز کی تیاری میں مصرف ہے جنہیں فٹ بال سٹیڈیم اور بڑے اجتماعات پر تباہی کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔طارق بنکوں اور پوسٹ آفسوں سے فراڈ کی سازش پر ساڑھے تین سال کی قید بھگت چکا ہے جس کے بعد وہ جولائی2012 میں شمال مشرقی پاکستان کی قبائلی پٹی پر واقع وزیرستان میں باغیوں کے ہمراہ لڑنے چلا گیا تھا۔ ڈین نے القاعدہ سے تعلق کے سوال پر بتایا کہ وہ دھماکہ خیز مواد بنانے اور نشانہ بازوں کو تربیت کیلئے کام کر رہا تھا۔