شاہدخاقان، عمران خان اور عائشہ گلالئی آج ریٹرننگ آفیسر کے پاس پیش ہونگے

June 19, 2018

اسلام آباد (اے پی پی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی گلالئی پارٹی کی سربراہ عائشہ گلالئی (آج) پیر کو کاغذات نامزدگی کی پڑتال کیلئے ریٹرنگ آفیسر کے پاس پیش ہونگے، تینوں امیدواروں کو ایک ساتھ طلب کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے حلقہ این اے 53کے ریٹرننگ آفیسر نے امیدواروں کی سکروٹنی کے سلسلے میں عمران خان، عائشہ گلالئی اور شاہد خاقان عباسی کو ایک ہی دن ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی پرعبدالوہاب بلوچ نے اعتراضات دائرکر رکھے ہیں اس لئے چیئرمین پی ٹی آئی کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے ساتھ اعتراضات کا جواب دینا ہوگا جب کہ عمران خان کے وکلا عید سے قبل اعتراضات کی نقول حاصل کرچکے ہیں۔ حلقہ این اے 53 سے 63 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر ظفر اللہ، مہتاب عباسی اور پی ٹیآئی کے الیاس مہربان بھی شامل ہیں۔این اے 53 سے انتخابات لڑنے والے امیدواروں کی حتمی فہرست 19 جون کو جاری کی جائے گی۔