پاکستان طالبان کے ٹھکانے ختم کرنے میں واضح تعاون کرے، امریکا

June 21, 2018

واشنگٹن (واجد علی سید) امریکا نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہا اس نے پاکستان کو نوٹس پر رکھا ہوا ہے اور توقع کرتا ہے کہ پاکستان ملک میں موجود طالبان کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کرنے میں امریکا کے ساتھ واضح انداز میں تعاون کرے گا۔ سینئر بیورو عہدیدار برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور سفیر ایلیس ویلز نے امریکی ایوان کی خارجہ امور کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو نوٹس پر رکھا گیا ہے کہ اور ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ وہ طالبان کے ٹھکانوں کے خاتمے میں امریکا کے ساتھ تعاون کرے گا، طالبان کے یہ ٹھکانے پاکستان میں اس وقت سے موجود ہیں جب 2001ء میں افغانستان میں حکومت کے خاتمے کے بعد یہ لوگ پاکستان فرار ہوگئے تھے۔ خاتون سفیر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان کو اہم کردار ادا کرنا ہے اور پاکستان کے کچھ ایسے مفادات جائز ہیں جن کا تحفظ وہ امن عمل کے دوران یقینی بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے جو مذاکرات ہوتے ہیں ان میں تحفظات پر بات ہوتی ہے جبکہ افغان امن عمل کے حوالے سے حوصلہ افزائی بھی کی جاتی ہے۔