نکی ہیلی نے دہلی میں روٹی پکائی اور نماز پڑھی

June 28, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.

اقوام متحدہ سے امریکی سفیر نکی ہیلی بھارت کے دورے پر نکلی ہوئی ہیں جہاں وہ سیاسی امور کے ساتھ ہی غیر رسمی سرگرمیوں میں بھی مصروف نظر آئیں۔ انہوں نے دہلی کے ایک گودوارے میں روٹیاں پکائیں اور وہیں کی جامعہ مسجد میں نماز پڑھی جبکہ گوری شنکر مندرکا دورہ بھی کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفیر نکی ہیلی 26 جون کو بھارتی دالحکومت پہنچیں اس دوران ان کا کہنا تھا کہ ’مذہب کی آزادی لوگوں کی آزادی کی طرح بہت ضروری ہے۔‘ اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان مثبت تعلقات پیدا کرنا ہے۔


نکی ہیلی بھارت کے دورےکے دوران دہلی میں موجود ’گوری شنکر‘ مندر گئیں، اس کے بعد انہوں نے دہلی نمبر 6 میں واقع مسجد کا نہ صرف دورہ کیا بلکہ وہاں نماز بھی پڑھی اور وہاں موجود لوگوں سے بات چیت کی۔

دہلی کے مرکز میں واقع ’سس گنج صاحب‘ نامی گودوارے بھی گئیں جہاں انہوں نے وہاں لگنے والے لنگر کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مل کر روٹیاں بنائیں اور بڑے پیمانے پر بنائے جانے والے پریساد کو بھی چمچے سے ہلاتی نظر آئیں، اس حوالے اس ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی جاری ہوئی ہیں۔

اپنے تین روزہ دورے میں نکی ہیلی نے مغل بادشاہ ہمایوں کامقبرہ بھی دیکھا، انہوں نے کہا ’ہم سمجھتے ہیں کہ مذہب کی آزادی لوگوں کی آزادی اور حقوق کی آزادی کی مانند ضروری ہے۔‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز نکی ہیلی نے بھارتی وزیر اعظم نے نریندر مودی سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دہشتگردی کو ختم کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ بعد از انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ سوشما سوراج سے بھی ملاقات کی اور بھارت اور امریکا کے درمیان تعلق کو مزید بہتر بنانے پرغور کیا۔

واضح رہے نکی ہیلی نے اس سے قبل 2014 میں بھارت کا دورہ کیا تھا جب وہ جنوبی کیرولینا کی گورنرتھیں۔