چند عادتیں اپنائیں سدا بہار نظر آئیں

June 30, 2018

کیا آپ جانتی ہیں کہ خواتین کی اولین خواہش کیا ہوتی ہے؟ ہمیشہ خوبصورت،جوان اور تروتازہ دکھائی دینا ۔۔۔مقبول امریکی ہالی ووڈ سنگرجینیفر لوپز کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔جینیفر کی مقبولیت کی ایک وجہ ان کا کم عمر دکھائی دینا بھی ہے، زندگی کی 49بہاریں دیکھنے کے باوجود جینیفر آج بھی خوبرو اور کم عمر لڑکیوں کی طرح دکھائی دیتی ہیں ،یہی وجہ ہے کہ ہالی ووڈ سمیت فیشن کی دنیا کی بیشتر خواتین جینیفر سے جیلسی محسوس کرتی ہیں ۔یہی حال پاکستانی خوبرو اداکارہ ماہ نوربلوچ کا ہے ،زندگی کی 47بہاریں دیکھنے کے باوجود ماہ نور کسی کم عمر دوشیزہ کی طرح آج بھی اتنی ہی خوبصورت ہیں جتنی اپنی جوانی میں ۔۔ اپنی عمر سے کم دکھائی دینا یہ ایک ایسی خواہش ہے جس کے لیے لوگ لاکھوں روپے خرچ کردیتے ہیںتاہم آج اگر ہم آپ سے یہ کہیں کہ اپنی عمر سے کم دکھائی دینا آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے تو آپ چونکیں گے ضرور ۔جی ہاں ! سائنس بھی اس بات کو تسلیم کرچکی ہے کہ انسانی جلد میں آنے والی 30 فیصد تبدیلیاں جینز جبکہ 70 فیصد ماحولیاتی عناصر جیسے سورج کی شعاعوں اور فضائی آلودگی کے باعث آتی ہیں۔عمر بڑھنے اور تناؤ سے نمٹنے کی صلاحیت کم ہونے پرجلد میں دو نمایاں اثرات نظر آتے ہیں، ایک رنگت میں تبدیلی یا ایج اسپاٹس، دوسرے جلد کی لچک میں کمی آنے سے جھریاں نمودار ہوجاتی ہیں۔ تاہم کچھ عوامل ایسے ہیں جن پر عمل کرکے آپ بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرسکتے ہیں، وہ عوامل کون سے ہیں آئیے جانتے ہیں ۔

تمباکو نوشی

کیا آپ سگریٹ یا الکحل کا استعمال کرتے ہیں ؟ اگر ایسا ہے تو آج ہی اپنی اس عادت کو ترک کردیں ، الکحل اور تمباکو نوشی کا استعمال یاسورج کی روشنی میں بہت زیادہ گھومنا جسم پر حیاتیاتی تناؤ بڑھانے کا باعث بنتا ہے، جس سے ڈی این اے کو نقصان پہنچتا ہے۔ جس کے باعث جلد پر جھریاں ،رنگت ماند پڑجاناجیسے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔

مناسب غذا

آپ کا کھایا ہوا کھانا آپ کی جلد پر مثبت یا منفی اثرات مرتب کرتا ہے، مرغن یاتلی ہوئی چیزوںاور چینی کے زیادہ استعمال کے بجائے ہری سبزیوں اور دہی اور فروٹ کا زیادہ استعمال کریں، چہرے کو جھریوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پانی کا زیادہ استعمال مت بھولیں۔

باقاعدگی سے ورزش

کم عمر نظر آنے کے لیے ورزش کو اپنا معمول بنالیں۔ورزش جلد کو تروتازہ رکھنے کے لیے بے حد اہم ہے، اس سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے۔روزانہ ورزش کرنے سے آکسیجن اور صحت مند غذائی اجزاء جلد کے تمام خلیات تک پہنچ کر اسے تروتازہ اور خوبصورت بناتے ہیں۔ روزانہ تھوڑی سی ورزش آپکے پٹھوں کو مضبوط بناتی اور آپکو دبلا پتلا اور چاق چوبند رکھتی ہے۔

سن اسکرین کے ساتھ روزانہ موئسچرائز

سورج کی شعاعیں جلد کو متاثر کرتی ہیں، لہٰذا گھر سے باہر نکلتے وقت سن بلاک کے استعمال کو اپنی عادت بنا لیں ۔ موسم چاہے کوئی بھی ہو، باہر نکلتے وقت اپنے ہاتھوں ، چہرے ، پیروں اور گردن پر سن بلاک لگانا نہ بھولیں۔سن اسکرین کے ساتھ ساتھ موئسچرائزر کا استعمال جلد کی نمی کو برقرار رکھتا ہے۔

وائپس کے بجائے فیس واش

چہرے کو بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے جلد کی صفائی بے حد ضروری ہے۔دن میں دو بار اپنا چہرہ لازمی دھوئیں۔اکثر خواتین فیس واش کرنے کے بجائے پسینہ صاف کرنے کے لیے وئپس کااستعمال کرتی ہیں جو کہ غلط ہے، اگر آپ چاہتی ہیں زیادہ عمر میں بھی ترو تازہ او جوان نظر آئیں تووائپس کے بجائے پانی سے چہرہ دھوئیں۔

چہرے سے احساسات کا اظہار

اکثر خواتین ناک بھنویں چڑھائے رکھتی ہیں، اس عمل سے ان کا مقصد غصے اور خفگی کا اظہار ہوتا ہے یا کسی عمل کو ناپسندیدہ سمجھنے کا اظہار ،ہر وقت غصہ اور خفگی کا اظہار آپ کے چہرے پر جھریاں نمودار کردیتا ہے،اگر آپ چاہتی ہیں آپ کا چہرہ جھریوں اور بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رہے تو مسکراہٹ کے ساتھ اپنی صبح کا آغاز کیجیے اور مسکراہٹ کے ساتھ ہی دن کا اختتا م۔اپنے آپ کو خوش رکھنے کی کوشش کریں. آپکے سامنے ہونے والی باتوں اور چیزوں کو مثبت انداز میں لیں۔ ذہن پر پریشانی ڈالنے سےچہرے پر جھریاں آجاتی ہیں اور جلد کو بھی بری طرح سے نقصان پہنچتا ہے۔

غیر معیاری میک اپ پراڈکٹس سےگریز

خواتین کو چاہیے اپنی جلد پر کبھی کمپرومائز نہ کریں ۔اگر میک اپ پراڈکٹس آپ کی جلدکو جلانے یاخراب کرنے کا باعث بن رہے ہیں تو اس میں کوئی بعید نہیں یہ پراڈکٹس بہت جلد آپ کی جلد کو بوڑھا کردیں گے۔کوئی بھی پراڈکٹس استعمال کرنے سے پہلے اپنے ڈرماٹولوجسٹ سے مشورہ ضرور کریں۔