بلاول آج حیدر آباد، ٹھٹھہ، سجاول جائیں گے

July 02, 2018

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج انتخابی مہم کے سلسلے میں سندھ کے علاقوں ٹھٹھہ، سجاول،گولارچی، بدین، تلہار، ماتلی ، ٹنڈو محمد خان اور حیدرآباد کا دورہ کریں گے، پولیس کی بھاری نفری سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سندھ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں آج سب سے پہلے ٹھٹھہ جائیںگے۔وہ بلاول ہاؤس کراچی سے قافلے کی صورت میں کراچی اور ٹھٹھہ کے سنگم پر واقع گھگھر پھاٹک پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا ۔

ریلی دھابیجی، گھارو سے ہوتی ہوئی ٹھٹھہ پہنچے گی جہاں وہ پریس کلب کے سامنے کارکنوں سے خطاب کریں گے جس کے بعد وہ ضلع سجاول کے لیے روانہ ہوجائیں گے ۔

سجاول شہرپہنچنے پر بلاول بھٹو کے قافلے کا بھرپور استقبال کیا جائے گا ۔ سجاول میں استقبالیہ میں شریک عوام سے خطاب کے بعد بلاول گولارچی اور پھر بدین سے ماتلی پہنچیں گے۔

گولارچی بدین تلہار اور ماتلی میں مختصر خطاب کے بعد وہ ٹنڈو محمد خان اور حیدر آباد جائیں گے۔