مسجد میں معذور افراد کے لیے کرسیوں کا انتظام کرنا مسجد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے؟

July 06, 2018

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال۱ کیا مسجد میں معذور افراد کے لیے کرسیوں کابندوبست کرنا نیز ہر نماز سے پہلے صف کے دونوں کناروں پر معذورین کے لیے مسجد کے خادمین سے کرسیاں لگوانا، مسجد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے؟

۲۔اگر مسجد انتظامیہ کرسیوں کا بندوبست کرتی بھی ہے تو کیا یہ بہتر ہے کہ کرسیاں صفوں کے اطراف میں لگوادی جائیں یا مسجد کے کسی مخصوص گوشے میں رکھ دی جائیں اور ضرورت مند حسبِ ضرورت وہاں سے اٹھالیا کریں؟

۳۔کس قسم کی کرسی پر نماز پڑھنا زیادہ بہتر ہے؟ (ابومحمد،کراچی)

جواب (۱)انتظامیہ کو چاہیے کو وہ ایسا انتظام کرے کہ تندرست اورمعذورہر قسم کے نمازیوں کے لیے نماز کی ادائیگی ممکن ہو ۔معذورافراد کے لیے نماز کی ادائیگی اس وقت ممکن ہوگی ،جب انہیں کرسیاں میسرہوں ،کیونکہ کرسی ان کے لیے سہولت نہیں ، بلکہ ضرورت ہوتی ہے اوراگر وہ خود سے کرسی کا انتظام کریں تو اس میں بہت مشقت ہے اورہر نماز کےلیے شاید کرسی لانا اورلے جانا ان کے لیے ممکن بھی نہ ہو۔

(۲)اگر کرسیاں پہلے سے صف کے کناروں پر لگی ہوئی ہوں تو اس میں معذورافراد کو سہولت بھی رہتی ہےاوراس سےانتظامیہ کاحسن انتظام بھی جھلکتا ہے، لیکن اس میں اندیشہ رہتا ہے کہ اگر معذور افراد نہ آئیں تو صف خالی رہ جائے گی،اس لیے عام طورپر جتنے معذورین جماعت میں شریک ہواکرتےہوں، ان کے لیے اطراف میں کرسیاں ہوں اورکچھ مسجد کے کسی گوشے میں رکھی ہوں، جن کو ضرورت مند حسب ضرورت اٹھالیاکریں۔

(۳) مسجد میں ایسی کرسی بہتر ہے، جوہلکی پھلکی ہو،زیادہ جگہ نہ گھیرتی ہو،آرام دہ ہو اورمسجد کے دیگر آلات کے معیار کی ہو۔

اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

masailjanggroup.com.pk