پی سی بی نے احمد شہزاد کو چارج شیٹ جا ری کر دی

July 11, 2018

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کرتے ہوئے چارج شیٹ جاری کر دی ہے ،جس میں ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔

چارج شیٹ کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹر ریاض نے دی جس میں ان سے 14 دن میں جواب طلب کیا گیا ہےتاہم احمد شہزاد پرحشیش کا استعمال ثابت ہوگیا ہے جس کی پی سی بی نے تصدیق کردی ہے، احمد شہزاد نے جرم تسلیم کرلیا تو کم سزا کا سامنا ہوگا اور ممنوع دواکے استعمال سے انکار پر کیس اینٹی ڈوپنگ پینل کو بھیجا جائے گا۔

احمد شہزاد پاکستان کی جانب سے 13 ٹیسٹ، 81 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین بھی ہیں۔

واضح رہے کہ احمد شہزاد پاکستان کے پہلے کھلاڑی نہیں ہیں جن کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ان سے قبل شعیب اختر، محمد آصف، عبدالرحمٰن، رضا حسن سمیت کئی کرکٹرز کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آچکا ہے اور وہ پابندی کا سامنا کرچکے ہیں۔