اپنے صحن کو دیں مراکشی رنگ ڈھنگ

July 14, 2018

لیاقت علی جتوئی

وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں گھروں کی تعمیر کے لیے آرکیٹیکچر اور ڈیزائن کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے اور لوگ گھروں کی تعمیر میں اس پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ گھر کی تعمیر سے پہلے ہی ان کے ذہن میں ایک خاکہ موجود ہوتا ہے کہ وہ کیسا گھر چاہتے ہیں اور تعمیر کے بعد اسے کس طرح سجانا چاہتے ہیں۔ آج کل ہمارے یہاں مشرقِوسطیٰ کاتعمیراتی اور سجاوٹ کا انداز، خصوصاً مراکشی (Moroccan) انداز، بہت پسند کیا جارہا ہے۔ ایک زمانہ تھا، جب گھر کے اندرونی کمروں کو ہی رہنے اور اُٹھنے بیٹھنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، تاہم اب گھر کے صحن کو بھی اتنی ہی اہمیت دی جاتی ہے۔ اس آرٹیکل میں ہم آپ کو بتائیںگے کہ آپ اپنے گھر کی تعمیر اور اس کی سجاوٹ کو کس طرح مراکشی انداز دے سکتے ہیں۔

شمالی افریقا میں واقع ملک مراکش، اپنے اندازِ تعمیر اور سجاوٹ کے لحاظ سے دنیا بھر میںمنفرد شناخت رکھتا ہے۔ مراکشی انداز سجاوٹ میں روشن، کھِلے کھِلے اور تیز رنگوں کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ اگرآپ اپنے گھر کے صحن کو مراکشی انداز دینا چاہتے ہیں تو آپ کو روشن رنگوں کے کپڑے، رنگ برنگی چھتری، کشن، غالیچے،کم اونچائی والی میزیں اور کرسیاں، جیومیٹری سے مماثلت رکھنے والے ڈیزائن اور مراکشی لالٹین درکار ہوں گی۔یہ لالٹین مشرقی انداز کی ہوتی ہیں، جو دھات اور شیشے سے بنتی ہیں۔ یہ انتہائی رنگ برنگی ہوتی ہیںاور ان کے اندر اکثر موم بتی استعمال کی جاتی ہے، آپ چاہیںتو ان میںاپنی پسند کا بلب بھی لگاسکتے ہیں۔گھر کے صحن اور برآمدےکو مراکشی انداز دینے کے لیے بہترین انتخاب وہ گھر ہوتے ہیں، جن کی تعمیر میں گھر کی چھت کو اونچا رکھا جاتا ہے۔ کم اونچائی کی چھت میں لالٹین، چھتری اور دیگر چیزوں کا استعمال اتنا زیادہ اثر نہیں دِکھاتا۔ مراکشی انداز سجاوٹ میں مشرق کی جھلک بھی نظر آتی ہے۔ مراکشی ثقافت میں اتنے زیادہ رنگ اس لیے بھی جھلکتے ہیں کہ یہاں عرب، رومن، مشرقی اور خود شمالی افریقا کی ثقافت کا سنگم ہوتا ہے اور ان ساری ثقافتوں نے مراکش کو ایک متنوع اور خوبصورت رنگ دینے میںاہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ ثقافت اور رنگ ان کی تعمیرات اور گھروں کی سجاوٹمیں بھی نظر آتا ہے۔

عالیشان مراکشی صحن

مراکشی اندازسجاوٹ میں کھِلے کھِلے رنگوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جو آپ کے صحن کو نئی زندگی بخشتے ہیں۔ مراکشی طرز کی سجاوٹمیں شاہانہ انداز کو محسوس کیا جاسکتا ہے، جو جدید اور قدیم انداز اور ہلکے اور گہرے رنگوں کا متوازن امتزاج پیش کرتی ہے۔ اگر آپ اپنے گھر کے صحن کو مراکشی طرز میں بدلنا چاہتے ہیںتو اس میں آپ کو اپنی تخلیقی صلاحیتیںبڑھ چڑھ کر استعمال کرنے کا خوب موقع ملتا ہے اور آپ شوخ رنگ اور منفرد چیزیں استعمال کرکے، اس میں اپنی شخصیت کی جھلک لاسکتے ہیں۔

فوارے کا استعمال

فوارہ تعمیر کیے بغیر آپ کے صحن کی سجاوٹ ادھوری لگتی ہے۔ اور مراکشی فوارے کا اپنا ایک منفرد اور مختلف ڈیزائن ہوتا ہے۔ اس میں ٹائلوں، ماربل یا خوبصورت اینٹوں کا استعمال کیا جاتا ہے، جن پر روایتی عربی ثقافت کے پھول نما ڈیزائن بنے ہوتے ہیں، جسے اسلامی ڈیزائن بھی کہا جاتا ہے۔ اس ڈیزائن کی اینٹوں کا استعمال آپ کو مساجد میں بھی نظر آتا ہے۔

وسیع انداز

جب آپ اپنے صحن کو مراکشی انداز میں سجانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ایک طرح سے آپ کے پاس بہت سے آپشنز آجاتے ہیں، جن کا انتخاب کرتے ہوئے آپ اپنے صحن کو ایک وسیع اور شاندار جگہ میں بدل سکتے ہیں۔فرش کے ٹائلز، روایتی فانوس، روایتی فرنیچراور دیواروں پر ہاتھ سے بنائے گئے ڈیزائن، جن سے اسلامی ثقافت جھلکتی ہے، چاروں اطراف سفید رنگ کے پردوں کا استعمال، جو ہوا کے ہر جھونکے کے ساتھ لہراتے ہیں، یہ ساری چیزیں مل کر آپ کے صحن میں ایک ایسا نظارہ بناتی ہیں کہ آپ کو کسی اور دنیا کا احساس ہوتا ہے۔

حیرت کا ساماں

اگر آپ کے گھر کا صحن چھوٹا ہے تو بھی فکر کی کوئی بات نہیں، آپ اپنے گھر کے چھوٹے سے صحن کو بھی مراکشی سجاوٹ دے سکتے ہیں۔چھوٹے صحن میں آپ کو گھر کے دروازوں اور کھڑکیوں پر زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ لکڑی سے بنے ان دروازوں اور کھڑکیوںپر ثقافتی ڈیزائن کی ہاتھ سے نقاشی کی جاتی ہے۔ صحن کے کونوںمیں آپ مختلف سبز پودے اور پھل لگا سکتے ہیں اور درمیان میں ایک چھوٹا سا پول آپ کو سکون کا احساس دلائے گا۔ بیٹھنے کی جگہ پرمراکشی ڈیزائن کاہلکا براؤن غالیچہ بچھائیں۔

کسی بھی ثقافت کی اچھی چیزیں لینے میں کوئی حرج نہیں۔ وہی معاشرے اور ثقافتیں پروان چڑھتی اور بامِ عروج کو چھوتی ہیں، جو بدلتے وقت کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ ہوجاتی ہیں۔ آپ بھی اپنی مخصوص مشرقی اور جدید طرزِ تعمیر اور سجاوٹ کے ذوق کو مراکشی انداز دے کر، اسے ایک نیا زاویہ دے سکتے ہیں۔ مراکشی ثقافت اپنانے میں ایک آسانی یہ ہے کہ اس میں پہلے سے ہی مشرقی، عربی اور اسلامی ثقافت کے رنگ ملتے ہیں، جنھیں ہم اپنے ذوق، شوق اور ثقافت کے ساتھ بآسانی ہم آہنگ کرسکتے ہیں۔