اسحاق ڈار کےریڈ وارنٹ جاری

July 14, 2018

وزارت داخلہ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ایف آئی اے کی ریڈ وارنٹ کے لیے درخواست کی منظوری دیدی،انہیں اب انٹرپول کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کی ۔

حکومت پاکستان نے اٹارنی جنرل کے ذریعے اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ کے درخواست کی منظوری دیدی ہے۔

ایف آئی اے نے اسحاق ڈار کےریڈ وارنٹ کیلئے درخواست دی۔ اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے واپس لایا جائیگا۔ ان کے ریڈ وارنٹ کے لیے انٹرپول کو درخواست بھجوائی جاچکی ہے۔

اس کے علاوہ اسحاق ڈار کی جائیداد ضبطگی کی درخواست بھی ریڈ وارنٹ کی درخواست کے ساتھ لگا دی گئی ہے، چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ کیا اسحاق ڈار کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا ہے؟

اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ پاسپورٹ منسوخی کا آپشن زیر غور آیا تھا، اگر پاسپورٹ منسوخ کیا تو واپس نا آنے کا جواز بن جائے گا۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے کیس کی سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کردی ۔

واضحرہے کہ اسحا ق ڈار کی طلبی کا اشتہار احتساب عدالت کے نوٹس بورڈ پر لگایا گیا تھا جس میں 10روز میں انہیں پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا تاہم ان کی عدم حاضری پر انہیں اشتہاری قرار دیاگیا اور اب ان کے ریڈ وارنٹ بھی جا ری کر دیئے گئے ہیں ۔