بم دھماکے کر کے معصوم شہریوں کو شہید کرنیوالے مسلمان نہیں، رانا عبدالرحمٰن

July 15, 2018

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید کی اپیل پر راولپنڈی میں بھی سانحہ پشاور، بنوں اور مستونگ میں شہید ہونے والوں کا غائبانہ نماز جنازہ پڑھایا گیا۔ ملی مسلم لیگ کے صدر رانا عبدالرحمٰن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان ملکوں میں بم دھماکے کر کے معصوم شہریوں کو شہید کرنے والے مسلمان نہیں ،پوری قوم مستونگ سانحہ کے بعد غمگین ہے ہم دکھ کی اس گھڑی میں بلوچ بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات ہے کہ کل سارا بلوچستان سوگ میں تھا لیکن میڈیا مجرموں کو کوریج دینے میں مصروف تھا، ہم اس موقع پر اپنے بلوچ بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک میں انتشار پیدا کرنے والوں اور داعش جیسی دہشتگرد تنظیموں کو کھڑا کرنے والوں کے منصوبوں کو اتحاد و یکجہتی سے ناکام کریں گے ۔