پی پی کے بانی شہید ذوالفقار بھٹو نے ملک کو 73 کا آئین دیا، غزالہ سیال

July 16, 2018

رانی پور (نامہ نگار) پی پی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو 73 کا آئین دیا پاکستان کو ایٹمی ٹیکنالوجی دی بھارت سے 93 ہزار جنگی قیدی رہا کرائے اور اسٹیل ملز قائم کر کے ہزاروں لوگوں کو روزگار فراہم کیا ان خیالات کا اظہار خواتین کی مخصوص نشستوں پر پی پی کی نامزد امیدوار غزالہ سیال نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی نے عوام کو سیاسی شعور دیا اور بنیادی حقوق فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی جب بھی اقتدار میں آئی ہے تو غریب نوجوانوں کو ملازمتیں دی ہیں اور عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں سہولتیں فراہم کی ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے ضلع خیرپور کے مختلف علاقوں میں صحت، سڑکوں کی تعمیر، اسکولوں کے لئے کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کرائے ہیں انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام 25 جولائی کو تیر کے نشان پر ٹھپہ لگا کر مزدوروں کسانوں اور عام لوگوں کی پارٹی پیپلزپارٹی کو کامیاب کریں گے۔