اسٹاک ایکس چینج،فنانشیل سیکٹر کی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری

July 19, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج،فنانشیل سیکٹر کی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے مارکیٹ میں بڑی تیزی ،کے ایس ای 100انڈیکس 965پوائنٹس کے اضافے سے 40ہزار 800کی نفساتی حد عبور کر گیا ،کاروباری حجم میں گذشتہ روز کی نسبت10کروڑ شیئرزکا اضافہ ،سرمایہ کاری کی مالیت 143ارب 79کروڑ روپے بڑھ گئی ،تفصیلات کے مطابق بدھ کومارکیٹ کا آغاز ہی مثبت زون میں ہوا سیمنٹ سیکٹر اور فرٹیلائزر سیکٹر میں خریداری کا زیادہ رحجان دیکھا گیا ،مارکیٹ میں ابتدا ہی سے فنانشیل سیکٹر بڑا سرگرام نظر آیا اور اس کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری سے دیگر سرمایہ کاروں کا بھی اعتماد بحال ہوا جس سے کاروباری حجم 10کروڑ58لاکھ 53ہزار شیئرز کے اضافے سے بڑھ کر 24کروڑ 78لاکھ 27ہزار شیئرز تک پہنچ گیا ،کاروباری حجم کے اضافے سے بدھ کو ٹریڈنگ ویلیو بھی 2ارب 60کروڑ 85لاکھ روپے کے اضافے سے 8ارب 62کروڑ95لاکھ روپے ہو گئی جبکہ سرمائے کاری کی مالیت میں گذشتہ روز کی نسبت 143ارب79کوڑ 82لاکھ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،تیزی کی وجہ سے کے ایس ای 100انڈیکس میں 964.92 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے یہ 39932.98پوائنٹس سے بڑھ کر 40897.90پوائنٹس ہو گیا ،کے ایس ای 30انڈیکس بھی2.68فیصد کی شرح سے 527.22پوائنٹس بڑھ کر 20187.63پوائنٹس تک پہنچ گیا جبکہ آل شیئرز انڈیکس میں بھی 1.76فیصد کی شرح سے اضافہ دیکھا گیا اور یہ 512.84پوائنٹس کے اضافے سے 29730.87پوائنٹس پر پہنچ کر بند ہوا ،بدھ کو مارکیٹ میں مجموعی طور پر 378کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا 307کے بھاو میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا 52کے بھاو میں کمی جبکہ 19کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،مارکیٹ میں ٹرن اوور کے لحاظ سے پاک انٹرنیشنل بلک کنٹینر ٹرمینل سرفہرست رہا ۔